0
Saturday 31 Mar 2012 15:04

دنیا بھر کے غیور مسلمان اسرائیل کی نابودی تک جدوجہد جاری رکھیں گے، علامہ قاضی نورانی

دنیا بھر کے غیور مسلمان اسرائیل کی نابودی تک جدوجہد جاری رکھیں گے، علامہ قاضی نورانی
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کے غیور مسلمان اسرائیل کی نابودی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صیہونیوں سے مقابلہ کرنے والی عسکری تنظیمیں امت کی طرح سے فرض کفایہ ادا کر رہی ہیں دنیا بھر کے مہذب انسانوں نے یوم الارض کے موقع پر مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر جمع ہو کر، صیہونی ریاست کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، یہ بات فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست علامی قاضی احمد نورانی، علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ عقیل انجم، علامہ عبدالقدوس ساسولی اور دیگر نے گلوبل مارچ ٹو یروشلم کے اختتام پر بیروت کے آخری کنارے اقوام متحدہ کی عارضی قائم حد بندی تک پہنچنے کے بعد مقبوضہ فلسطین کی سرحد پر عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
 
اس موقع پر یورپی، افریقی، عرب اور ایشیائی ممالک کے کارواں کے علاوہ اسرائیل سے برسر پیکار تمام عسکری تنظیموں کے رہنما اور دنیا کے تمام الہامی اور غیر الہامی مذاہب کے رہنما باالخصوص صیہونیت کے خلاف امن کے حامی یہودی ربی بھی وہاں خصوصی طور پر موجود تھے۔ کارواں کے اختتام پر ہونے والے عظیم الشان جلسے میں پاکستانی وفد کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پاکستانی مقررین اور مذہبی رہنماؤں کا فلسطین کی آزادی کے لئے ان کی مسلسل خدمات کی وجہ سے خصوصی پذیرائی دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان مندوب اور معروف دینی و سیاسی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہا کہ یوم الارض اسرائیل کی بربادی کا نقطہ آغاز ہے۔ 

پی ایل ایف کے رہنما کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے انسانوں نے تمام رکاوٹو ں کو عبور کرتے ہوئے صیہونی قبضے میں موجود سرحدی علاقوں میں پہنچ کر یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ اسرائیل کو دنیا کے امن کا دشمن سمجھتے ہیں۔ آج دنیا بھر کے دینی، قوم پرست، سیکولر اوردیگر مختلف طبقہ ہائے نظریات کے رہنما اور کارکنا ن نے یہ باور کرا دیا ہے کہ وہ سب اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں اور یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ غاصب صیہونی فلسطینیوں کی سرزمین خالی کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ آج تو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے یہ عظیم مجمع اس سرحد پر رک کر صدائے احتجاج بلند کررہا ہے لیکن غاصب صیہونی اور اس کے سرپرست اب بھی باز نہ آئے تو آنے والے دنوں میں دنیا کی کوئی طاقت انسانی سمندر کو غاصب صیہونی سرحدوں کو عبور کرنے سے نہ روک سکے گی اور بالآخر دنیا بھر کے انسانوں کے نمائندہ لوگ انسانیت کے دشمن اسرائیل پر قبضہ کر لیں گے۔ انہوں نے ببانگ دہل اعلان کیا کہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کے لئے آواز بلند کرنے والے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو چکے ہیں اور اب دنیا بھر میں اسرئیل اور اس کے سرپرست امریکہ کے حامیوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر فلسطین کی ایک ایک انچ زمین کی مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 149326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش