0
Saturday 31 Mar 2012 19:16

عالمی اداروں کے ایماء پر نصاب تعلیم کو سیکولر بنانے کی سازش کی جا رہی ہے، سنی اتحاد کونسل

عالمی اداروں کے ایماء پر نصاب تعلیم کو سیکولر بنانے کی سازش کی جا رہی ہے، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی راہنماؤں صاحبزادہ فضل کریم، حاجی محمد حنیف طیب، پیر محمد افضل قادری، صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، علامہ سید ریاض حسین شاہ، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی اور محمد نواز کھرل نے پنجاب میں نویں اور دسویں جماعت کے اسلامیات کے نصاب سے قرآن پاک کی تین سورتوں اور احادیث کے علاوہ چھٹی جماعت کی عربی کی کتاب سے پہلا پارہ اور نویں جماعت کی انگلش کی کتاب سے رسول کریم (ص) پر لکھے گئے مضمون کے اخراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نصاب سے قرآن پاک کی سورتوں اور سیرتِ النبی(ص) کے مضمون کا اخراج اسلام اور نظریۂ پاکستان کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کے ایماء پر نصاب تعلیم کو سیکولر بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کے نصاب تعلیم کو پاکستانیت سے پاک کرنے کے لیے دو سو ملین ڈالر وقف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او لیول کے لیے تیار کی جانے والی کتاب ’’دی ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان‘‘ میں ٹیپو سلطان شہید کو ’’میسور کا خون آشام‘‘ لکھا گیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے راہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ نصاب تعلیم کو سیکولر بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 149369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش