QR CodeQR Code

جلسے جلوسوں کیلئے سٹرکیں بلاک کرنا سنگین ترین جرم قرار دیا جائے، صاحبزادہ فضل کریم

31 Mar 2012 19:20

اسلام ٹائمز:سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں حکمرانوں کی آمد پر راستے روکنے اور ٹریفک بند کرنے کے خلاف آواز اٹھائیں گے،


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت اور نظام مصطفی پارٹی کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ جلسے جلوسوں، مظاہروں اور حکمرانوں کی آمد پر سڑکیں بلاک کرنے اور راستے روکنے کو سنگین ترین جرم قرار دے کر سخت سزائیں مقرر کی جائیں،کیونکہ راستے بند کرنے کی وجہ سے پورے شہر کی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے اور لاکھوں لوگ عذاب میں مبتلا ہو جاتے ہیں، حکومت جلسے جلوسوں اور مظاہروں کے لیے ناصر باغ، مینار پاکستان، موچی دروازہ اور پریس کلب کے سامنے جگہ مخصوص کرے، صدر، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور دوسرے حکام کی سکیورٹی کے نام پر ٹریفک روکنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ علماء و مشائخ معاشرے میں ملاوٹ، ذخیرہ اندوزی، جھوٹ، بددیانتی، خیانت، ٹیکس چوری، نشہ بازی، ناپ تول میں کمی بیشی جیسی برائیوں کے خلاف آواز اٹھائیں اور عوام میں پابندئ وقت، صفائی اور نظم و ضبط کا شعور بیدار کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے علماء پر زور دیا کہ وہ اپنے خطباتِ جمعہ کے ذریعے قوم کی تربیت کریں اور نوجوان نسل میں سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کی ضرورت و اہمیت اجاگر کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ علماء عوام میں برداشت، محبت و اخوت اور بھائی چارے کا جذبہ بیدار کریں۔

انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ ظلم اور جرم کا راستہ روکیں اور جبر و استحصال کی مزاحمت کریں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ حکمرانوں کے غیرضروری پروٹوکول اور مراعات کا خاتمہ ہونا چاہیے کیونکہ لوگ غربت کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں اور غریب عوام کے امیر حکمران عوام کے ٹیکسوں پر عیاشیاں کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی میں حکمرانوں کی آمد پر راستے روکنے اور ٹریفک بند کرنے کے خلاف آواز اٹھائیں گے کیونکہ آئے روز مختلف شہروں میں حکمرانوں کی آمد پر راستے بند کر کے عوام کی توہین اور تذلیل کی جاتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 149371

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/149371/جلسے-جلوسوں-کیلئے-سٹرکیں-بلاک-کرنا-سنگین-ترین-جرم-قرار-دیا-جائے-صاحبزادہ-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org