0
Saturday 31 Mar 2012 22:53

نیٹو سپلائی، پارلیمان قوم اور ملک کو مایوس نہیں کرے گی، رضا ربانی

نیٹو سپلائی، پارلیمان قوم اور ملک کو مایوس نہیں کرے گی، رضا ربانی
اسلام ٹائمز۔ قومی سلامتی کمیٹی میں نیٹو کی سپلائی لائن بحال کئے جانے کے حوالے سے اختلافات برقرار ہیں۔ رضا ربانی نے کہا ہے کھلے ذہن کے ساتھ تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ فیصلے اتفاق رائے سے ہوں۔ قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس رضا ربانی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی کے نئے رکن قمر الزمان کائرہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ نون اور مسلم لیگ قاف نیٹو سپلائی کی بحالی کو ڈرون حملے روکنے سے مشروط کرنے کے موقف پر قائم رہیں اور مولانا فضل الرحمان نیٹو سپلائی کی بندش کے فیصلے پر ڈٹے رہے۔ 

اپوزیشن کی جانب سے یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ امریکا سے افغانستان سے اس کے انخلا کے پروگرام کی تفصیلات اور مجوزہ پارلیمانی قرارداد پر عملدرآمد کی گارنٹی مانگی جائے۔ قاف لیگ نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی مخالفت کی تجویز بھی پیش کی۔ کمیٹی کا آئندہ اجلاس پیر کی شام چار بجے ہو گا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمان قوم اور ملک کو مایوس نہیں کرے گی۔ کمیٹی کے اراکین کھلے ذہن کے ساتھ تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ اتفاق رائے سے فیصلے کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعوان کی جگہ قمر زمان کائرہ کو کمیٹی کا رکن بنانے کا فیصلہ پارٹی کا ہے۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے کہا کہ کمیٹی کے اراکین نیٹو سپلائی لائن کے ذریعے اسلحہ افغانستان لے جانے کے مخالف ہیں۔ نیٹو کے لیے ادویات اور خوراک کی فراہمی کو ڈرون حملے روکنے سے مشروط کرنے پر بھی اتفاق ہے۔
خبر کا کوڈ : 149428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش