QR CodeQR Code

اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے، ڈاکٹر وسیم اختر

1 Apr 2012 14:27

اسلام ٹائمز: لاہور میں اسرائیلی تشدد پر اپنے ردعمل میں جماعت اسلامی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف آواز اٹھائے، وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کفار کی سازشوں کے خلاف متحدہ ہو جائے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے یوم ارض کی مناسبت سے مغربی کنارے، غزہ کی پٹی اور مقبوضہ علاقوں میں مظاہروں کے موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور پرتشدد کارروائیوں سے فلسطینی مسلمانوں کی شہادت پر گہرے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ایک دہشتگرد ریاست ہے جس نے فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رکھے ہیں اور اس گھنائونے کھیل میں اسرائیل کو امریکا کی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف آواز اٹھائے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ امت مسلمہ کفار کی سازشوں کے خلاف متحدہ ہو جائے۔

دریں اثناء ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک زرداریوں، گیلانیوں کی حکومت ہے ملک مسائلستان بنا رہے گا۔ بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی، لاقانونیت بڑھتی رہے گی۔ عوام الناس آئندہ انتخابات میں ظالم و جابر حکمرانوں اور روپ بدل کر آنے والوں کے بہلاوے میں نہ آئیں۔ جنہوں نے 64 سالوں سے اس ملک کو چراگاہ بنا رکھا ہے۔ جب تک جاگیر دار، سرمایہ دار، وڈیرے اقتدار پر قابض رہیں گے غربت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ کو قوم نے تین تین بار اقتدار کا موقع دیا۔ فوج 3دہائیوں سے زیادہ اقتدار میں رہی، مگر ان سب نے ملک کی حالت بہتر بنانے کی بجائے ملک کو لوٹ کر اپنے لئے مال و زر جمع کیا، امریکا کی چاکری کی، بھارت کی بالا دستی قبول کی اور آج 40 فیصد سے زائد لوگ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ ہر سال ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ میں 26 ارب روپے کا فراڈ ہو چکا ہے۔ پنجاب میں اپنوں کو نوازنے کے لئے گھوسٹ منصوبے بنائے گئے ہیں۔ بجلی نہیں آتی ہے مگر بجلی کے بھاری بھر کم بل ضرور آجاتے ہیں۔ حکمرانوںنے اپنی عیاشیوں کی خاطر بجلی کے بلوں میں آئے روز اضافہ کا وطیرہ اپنا رکھا ہے۔ حکمران گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غربت کی ماری عوام پر بم گرارہے ہیں۔ اگر یہی افراد اقتدار پر قابض رہے تو کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 149508

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/149508/اسرائیل-ایک-دہشتگرد-ریاست-ہے-ڈاکٹر-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org