0
Sunday 1 Apr 2012 15:38

پیٹرولیم نرخوں میں اضافہ غیر منطقی اور ناقابل قبول ہے، جماعت اسلامی

پیٹرولیم نرخوں میں اضافہ غیر منطقی اور ناقابل قبول ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی مظفر ہاشمی، لئیق خان، نصراللہ شجیع، یونس بارائی اور حمید اللہ ایڈووکیٹ نے حکومت کی جانب سے عوام پر ایک بار پھر پیٹرولیم بم گرانے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایک جانب تو عوام کو دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے کیلئے چھوڑا ہوا ہے تو دوسری جانب لوڈشیڈنگ، غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں عوام کو موت کے گھاٹ اتار رہی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں نرخوں میں اضافہ غیر منطقی اور ناقابل قبول ہے۔ اتحادی جماعتیں مفادات کی خاطر آپس کی لڑائی میں توانائی ضائع کرنے کے بجائے عوام کو غربت، بدامنی، بیروزگاری اور مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کریں۔ پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں نے اگر حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے باز نہیں رکھا تو قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

سابق اراکین اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ نام نہاد جمہوری حکومت نے 4 سالہ دور اقتدار میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی میں سو فیصد سے زائد اضافے کرکے عوام کے سامنے جمہوریت کا ایسا نقشہ کھینچا ہے کہ لوگ جمہوریت کو واقعی غریب عوام سے انتقام سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں چند روپے اضافے پر حکومت چھوڑنے کیلئے دھمکی دینے والی غریبوں اور متوسط طبقے کی دعویدار جماعت متحدہ آج قیمتیں 100 کا ہندسہ پار کرنے بھی خاموش نظر آرہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کی سیاست عوامی مسائل کے حل کے لئے نہیں بلکہ مفادات کے حصول کیلئے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی اب ہوش کے ناخن لینے چاہییں اور دوست و دشمن کی پہچان کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں ایسی جماعتوں کو موقع دینا چاہیے جو دین و وطن سے مخلص ہوں اور عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہوں۔
خبر کا کوڈ : 149532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش