0
Sunday 1 Apr 2012 18:36

نیٹو کی سپلائی کھولی گئی تو یہ ملک سے غداری اور امریکہ سے وفاداری ہو گی، فضل کریم

نیٹو کی سپلائی کھولی گئی تو یہ ملک سے غداری اور امریکہ سے وفاداری ہو گی، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کونسل کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نیٹو کی سپلائی کھولی گئی تو یہ ملک سے غداری اور امریکہ سے وفاداری ہو گی، نیٹو سپلائی کی بحالی ’’دستاویز غلامی‘‘ ہے، اس پر پارلیمانی ٹھپہ نہ لگایا جائے، کراچی میں بدامنی کا ذمہ دار حکمران اتحاد ہے، حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں کراچی میں قبضے کی جنگ ختم کر دیں اور نظریات کا مقابلہ طاقت کی بجائے نظریات سے کرنے کی روش اپنائیں تاکہ بے گناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اترنے سے بچایا جا سکے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے ذاتی و جماعتی تشہیر کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال افسوسناک ہے، سیاستدان تعلیمی اداروں کو اپنی سیاست کا اکھاڑہ نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی شاہانہ تقریبات پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کی بجائے ہر تعلیمی ادارے کے سربراہ کو لیپ ٹاپ فراہم کر دیئے جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ چار ارب کے لیپ ٹاپ خریدنے کی بجائے ہر تعلیمی ادارے میں وسیع کمپیوٹر لیب قائم کر دی جاتی۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ بار بار اقتدار میں آنے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے لیکن اب باریاں لگانے والوں کی باری کبھی نہیں آئے گی کیونکہ عوامی شعور بیدار ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا تحفظ پیپلز پارٹی کے جیالے اور مسلم لیگ کے متوالے نہیں نظام مصطفی کے رکھوالے کریں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی پر بحث خوش آئند ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ نواز خارجہ پالیسی کو یکسر ختم کر کے قومی مفاد کے تناظر میں آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دی جائے اور خطے کے ممالک سے تعلقات مضبوط کئے جائیں۔ ملاقاتوں کے دوران پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی اور پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 149559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش