0
Tuesday 3 Apr 2012 15:24

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کریں گے، محمد حسین محنتی

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کریں گے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشربا اضافے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام پہلے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں، اشیائے صرف کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، مہنگائی میں دو سو فیصد اضافہ ہوچکا ہے، عوام دو وقت کی روٹی سے محروم ہوگئے ہیں عوام زندگی کی بنیادی ضرورتوں کی تلاش میں ہیں مگر حکمرانوں کو عوامی مسائل و مشکلات سے کوئی سروکار نہیں روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ ایک سہانا خواب ثابت ہوا ہے، ایسا لگتا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسی عوام کو میسر سہولیات بھی چھین لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں، ہر بار یہ کہہ کر پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے مگر اس بار قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود 8 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو قوم قبول نہیں کرے گی، نمائشی طور پر چند پیسوں کی کمی کو بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا لازمی اثر دیگر اشیائے ضرورت پر بھی پڑے گا اور اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جس کے غریب عوام متحمل نہیں ہوسکتے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا چار سالہ دور اقتدار عوام دشمن پالیسیوں سے عبارت ہے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات نہیں کئے گئے۔ آٹا، دال، چاول، چینی، دالیں اور سبزیاں جو بنیادی انسانی ضرورت ہیں وہ بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 150071
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش