0
Tuesday 3 Apr 2012 16:05

امریکہ نے حافظ سعید کی تلاش میں مدد دینے پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کر دیا

امریکہ نے حافظ سعید کی تلاش میں مدد دینے پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کر دیا
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے بانی اور جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی تلاش میں مدد دینے پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام مقرر کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان سیاسی امور کیلئے امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے اپنے دور بھارت کے دوران کیا۔ امریکی حکومت کے ریوارڈز فار جسٹس پروگرام کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق حافظ سعید کی گرفتاری یا ان کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات کی فراہمی پر ایک کروڑ ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔

ویب سائٹ پر کہا گیا کہ حافظ سعید جماعت الدعوۃ اور اس کے عسکری شعبے لشکر طیبہ کے بانی ہیں اور ان پر 2008 کے ممبئی حملوں سمیت دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ دس ملین امریکی ڈالر انعام مقرر ہونے کے بعد حافظ سعید امریکہ کو مطلوب ترین افراد کی فہرست میں دوسرے درجے پر آ گئے اور ان کے علاوہ جن افراد کی گرفتاری میں مدد پر اتنا ہی انعام مقرر ہے ان میں طالبان کے سربراہ ملا عمر، القاعدہ کے رہنما یاسین السوری اور عراق میں القاعدہ کے رہنما ابو دعا شامل ہیں۔

امریکی حکام نے حافظ سعید کے علاوہ ان کے ساتھی حافظ عبدالرحمان مکی کی تلاش میں مدد دینے پر بھی بیس لاکھ ڈالر تک انعام مقرر کیا ہے۔ ان رہنماؤں پر انعام مقرر کیے جانے پر جب جماعت الدعوہ کے ترجمان سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اس بارے میں اپنا ردعمل دیں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کی کوئی چال ہے کیوں کہ حافظ سعید روپوش نہیں بلکہ سرعام گھوم پھر رہے ہیں اور دفاع پاکستان کے جلسوں میں خطاب کر رہے ہیں، ایسے شخص پر انعام رکھنا کہ ان کی تلاش میں مدد دینے والے کو انعام دیا جائے گا کچھ اور ہی کہانی سناتا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 150089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش