QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی اور اتحادی سندھ کو اپنی جاگیر نہ سمجھیں، ماروی میمن

4 Apr 2012 15:03

اسلام ٹائمز:ٹنڈو محمد خان میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک میں کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور عوام ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ( ن ) کی رہنما ماروی میمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سندھ کو موہن جو دڑو سے بھی پیچھے کردیا ہے، سندھ میں صرف حکومت ہے اپوزیشن نہیں۔ مسلم لیگ ( ن ) سندھ میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومت میں بیٹھے پیٹرول کی قیمتوں پر احتجاج کرنے والے افراد فکسرز ہیں۔ ٹنڈو محمد خان سرہندی ہاؤس میں پیر معصوم جان کی جانب سے چائے کی دعوت کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادی سمجھتے ہیں کہ سندھ ان کی جاگیر ہے انہوں نے سندھ سمیت پورے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔

ماروی میمن نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں پر حکومت میں بیٹھے افراد کیا احتجاج کر رہے ہیں وہ تو فکسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، مسلم لیگ ( ن ) سندھ کے عوام کے ساتھ ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک میں کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور عوام ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما پیر معصوم جان نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے دوران سندھ حکومت نے عوام کیلئے کوئی بھی عملی اقدام نہیں کیا۔ مصیبت کے وقت میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے متاثرین کا بھرپور ساتھ دیا۔


خبر کا کوڈ: 150139

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/150139/پیپلز-پارٹی-اور-اتحادی-سندھ-کو-اپنی-جاگیر-نہ-سمجھیں-ماروی-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org