QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی کے مسئلہ پر اپوزیشن نورا کشتی کی بجائے دوٹوک موقف اختیار کرے، فضل کریم

3 Apr 2012 20:54

اسلام ٹائمز:سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ عالمی گریٹ گیم کے تحت کراچی کا امن تباہ کیا جا رہا ہے، عوام کو ریلیف نہ ملا تو عرب ریاستوں کی طرح عوامی بغاوت کو کوئی نہیں روک سکے گا،


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت صوبہ پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی سے ان کے بھانجے کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، انقلاب کے بغیر عذاب ختم نہیں ہو گا، عالمی گریٹ گیم کے تحت کراچی کا امن تباہ کیا جا رہا ہے، عوام کو ریلیف نہ ملا تو عرب ریاستوں کی طرح عوامی بغاوت کو کوئی نہیں روک سکے گا، مہنگائی کے ڈرون حملوں نے مہنگائی کو زندہ لاشیں بنا دیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں بے لگام اضافے پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس لے کیونکہ بدترین مہنگائی بدامنی کو جنم دے گی اور ملک میں انارکی پھیلے گی۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نیا اضافہ واپس نہ لیا گیا تو خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں تین کروڑ کا مزید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کے مسئلہ پر اپوزیشن نورا کشتی کی بجائے دوٹوک موقف اختیار کرے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ جیالے اور متوالے نہیں نظام مصطفی کے رکھوالے ہی ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن فیصلے کرنے والے حکمران عوامی احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ آج پاکستان میں ہر طرف اضطراب، اشتعال اور احتجاج پھیلا ہوا ہے لیکن مرکزی و صوبائی حکمران سرکاری پیسے سے انتخابی مہم چلانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام پر قیمتوں اور ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ غیرپیداواری اخراجات کم کریں، سادگی کا کلچر اپنائیں، کرپشن کو روکیں اور قومی خزانے کو لوٹ مار سے بچائیں۔ اس موقع پر پیر سید شمس الدین بخاری، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، پروفیسر عبدالعزیز نیازی، محمد نواز کھرل، پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا منظور عالم سیالوی، مولانا قاری فیروز صدیقی، مولانا قاری نذیر احمد قادری، صاحبزادہ سید صابر گردیزی اور دوسرے علماء و مشائخ بھی موجود تھے۔ 


خبر کا کوڈ: 150160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/150160/نیٹو-سپلائی-کے-مسئلہ-پر-اپوزیشن-نورا-کشتی-کی-بجائے-دوٹوک-موقف-اختیار-کرے-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org