QR CodeQR Code

سعودی عرب اور پاکستان کے عوام دوستی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعودی سفیر

4 Apr 2012 00:16

اسلام ٹائمز: چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے وفد سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور برادر اسلامی ملک پاکستان کے درمیان صدیوں سے موجود گہرے تعلقات کے مزید فروغ کے لئے سرگرم عمل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام دوستی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، ان رشتوں کو قائم و دائم رکھنے اور مضبوط سے مضبوط تر کرنے کی خاطر کام کرنے کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں، جنہیں بروے کار لا کر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فر وغ دیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم صالح الغدیر نے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وفد کی قیادت چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ڈائریکٹر فاروق احمد خان کر رہے تھے جبکہ منیجر رضیہ ملک، ڈسٹرکٹ فوکل گروپ کے ارکان محمد اکرم ناصر اور شبیر احمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

سعودی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب کے فرماں روا عبداللہ بن عبد العزیز آل سعود نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں خصوصی دلچسپی لی ہے، ایک صحرائی خطہ ہونے کے ناطے چولستان سمیت بہاولپور سعودی عرب کے ساتھ قدرتی طور پر جڑے ہوئے ہیں، بہاولپور میں پاک سعودی مشترکہ ثقافتی میلے کی تجویز سے مکمل اتفاق ہے، چولستان ایوارڈ کا ملنا میرے لئے ایک اعزاز ہوگا۔ اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانہ میں ہونے والی اس ملاقات میں ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم صالح الغدیر نے مزید کہا کہ وہ سعودی عرب اور برادر اسلامی ملک پاکستان کے درمیان صدیوں سے موجود گہرے تعلقات کے مزید فروغ کے لئے سرگرم عمل ہیں اور اپنے پاکستانی بہنوں اور بھائیوں کے ہر دکھ سکھ میں شرکت کر کے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔
 
اس موقع پر چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے وفد کے سربراہ فاروق احمد خان نے سعودی سفیر کو بتایا کہ پاک سعودی دوستانہ تعلقات کے فروغ اور زلزلہ و سیلاب کے دوران امدادی کاموں میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں چولستان ڈویلپمنٹ کونسل نے انہیں ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے، عبدالعزیز ابراہیم الغدیر نے چولستان ایوارڈ کے لئے اپنا نام تجویز کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لئے اعزاز قرار دیا اور ایوارڈ وصول کرنے کے لئے بہاولپور آنے کی دعوت بھی قبول کرلی۔ 


خبر کا کوڈ: 150181

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/150181/سعودی-عرب-اور-پاکستان-کے-عوام-دوستی-لازوال-رشتوں-میں-بندھے-ہوئے-ہیں-سفیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org