QR CodeQR Code

نیٹو سپلائی کا فیصلہ پارلیمنٹ ہی کریگی، امریکا پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرے، وزیراعظم

4 Apr 2012 19:07

اسلام ٹائمز: امریکی نائب وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایساف، نیٹو اور امریکہ کے درمیان تعلقات پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی ہونے چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ نیٹو اور ایساف کے ساتھ نئے تعلقات کے لئے پارلیمنٹ جائزے کے عمل سے شفافیت اور پائیداری آئے گی، امریکہ کے ساتھ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر قائم ہونے چاہئیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے سلالہ چیک پوسٹ حملے کے بعد پہلی بار پاکستان آنے والے امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس نائیڈیس کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ، نیٹو اور ایساف کے ساتھ نئے تعلقات کیلئے پارلیمنٹ کے جاری جائزے کے عمل سے شفافیت اور پائیداری آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، ایساف، نیٹو اور امریکہ کے درمیان تعلقات پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی ہونے چاہئیں۔ 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہے گا۔ ہم خطے میں امن و استحکام اور افغانستان میں مفاہمت کے مقاصد وسیع تر تعاون اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر جاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیٹو کی سپلائی کا فیصلہ پارلیمنٹ ہی کرے گی۔ اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ امریکی حکومت کے تعلقات کی اہمیت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے خطے میں ایک اہم ملک کی حیثیت کے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ امریکہ پارلیمنٹ کے جائزے کا عمل مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے۔


خبر کا کوڈ: 150395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/150395/نیٹو-سپلائی-کا-فیصلہ-پارلیمنٹ-ہی-کریگی-امریکا-پاکستان-کی-خودمختاری-احترام-کرے-وزیراعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org