0
Friday 6 Apr 2012 22:35

گلگت میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آئی ایس او کی کال پر پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے

گلگت میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آئی ایس او کی کال پر پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ گلگت میں مخصوص فرقہ کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف آئی ایس او کے زیراہتمام جمعہ کو پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہروں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ مشتعل مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گلگت میں مخصوص فرقہ کے لوگوں کو نشانہ بنایا جانا انتہائی افسوس ناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کو بلاتفریق تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

لاہور میں پریس کلب کے باہر آئی ایس او لاہور ڈویژن کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں، بزرگوں، بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے گلگت بلتستان میں جاری کشیدگی کی بھرپور انداز میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر قیام امن کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ گلگت میں فسادات کے پیچھے امریکہ ہی ملوث ہے اور ہم امریکہ پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اس کی بربریت کا سورج اب غروب ہونے والا ہے، مزید ظلم قائم نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان بیدار ہیں اور وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

آئی ایس او کے رہنماؤں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان وطن عزیز کے صالح نوجوانوں کی تنظیم ہے جو وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو اپنا ایمان سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے خطے سے انخلاء کے لئے پاکستانی حکومت کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہی اپنے تعلقات بہتر بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین ایران ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ بلاک تشکیل دیا جائے اور امریکہ کو خطے سے نکال باہر کیا جائے کیوں کہ خطے میں بدامنی کا ذمہ دار واحد امریکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں فسادات اور بدامنی پھیلانے والی قوتیں سن لیں نوجوان ان کی سازشوں کو بے نقاب کر دیں گے۔

گلگت بلتستان میں جاری مظالم اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف شیعہ شہریان لاہور نے بھی گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت سید وقار الحسنین نقوی نے کی جب کہ دیگر علماء بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز اور بینزز اٹھا رکھے تھے جن پر گلگت میں شیعہ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام اور ملت تشیع کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ نہ روکی گئی تو مظاہروں کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔ رہنماؤں نے اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کی بھی حمایت کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 150919
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش