QR CodeQR Code

توانائی کے بحران سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، شہباز شریف

7 Apr 2012 11:42

اسلام ٹائمز: لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خادم اعلٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت گنے کے پھوگ، ہائیڈل، کوئلے اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ان منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے محکمہ توانائی بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران سے قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، زراعت سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور بجلی کی قلت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب توانائی کے بحران کا سب سے زیادہ شکار ہے اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے جو ختم ہونا چاہئے۔ وہ توانائی کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ 

اجلاس میں صوبہ پنجاب کو درپیش توانائی کے مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبہ پنجاب میں ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کی بنا پر صنعتیں بند ہو چکی ہیں، مزدور بے روزگار پھر رہے ہیں جس سے ملک کی برآمدات بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گنے کے پھوگ، ہائیڈل، کوئلے اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ان منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے محکمہ توانائی بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ 

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر میں گیسٹ ہائوسز کی آڑ میں فحاشی پھیلانے والے قحبہ خانوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر قانون اس ضمن میں متعلقہ اداروں کی مشاورت سے جامع لائحہ عمل مرتب کریں تاکہ اس مذموم کاروبار کا قلع قمع کیا جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گیسٹ ہائوسز کی آڑ میں کسی فحاشی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بڑے شہروں میں ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو اس حوالے سے ٹاسک دیا جائے کہ وہ ایسے گیسٹ ہائوسز کا جائزہ لیں جو فحاشی پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران سے قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ایوان وزیراعلٰی لاہور میں اجلاس سےخطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے زراعت سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، پنجاب توانائی بحران کا سب سے زیادہ شکار ہے، پنجاب سےسوتیلی ماں کا سا سلوک ہو رہا ہے۔ وزیر اعلٰی محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت کہیں زیادہ توانائی کا بحران ہے۔


خبر کا کوڈ: 151064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/151064/توانائی-کے-بحران-سے-معیشت-کو-ناقابل-تلافی-نقصان-پہنچ-رہا-ہے-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org