0
Saturday 7 Apr 2012 23:18

مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جھڑپیں اور تشدد

مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جھڑپیں اور تشدد

اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے شمالی قصبہ بارہمولہ میں اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا اور سنگباری و ٹیر گیس شیلنگ کے واقعات میں کئی پولیس اہلکاروں سمیت درجن بھر افراد زخمی ہوگئے جب حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین کے جلسے کے فوراً بعد مشتعل نوجوانوں نے پولیس اسٹیشن پر شدید پتھراو کیا، اس دوران بھارتی فوجی اہلکاروں نے اولڈ ٹائون کے کئی علاقوں میں بلا اشتعال راہگیروں کو شدید زدوکوب کیا اور درجنوں رہائشی مکانوں اور گاڑیوں کے شیشے چکنا چور کردیئے، قصبہ میں دوپہر تک کاروباری زندگی معمول کے مطابق جاری رہی اور گیلانی نے مین چوک میں لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کیا، یہ جلسہ پر امن طور اختتام پذیر ہوا اور جونہی گیلانی وہاں سے چلے گئے تو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئی اور تھانے کی عمارات پر پتھراو شروع کیا۔

پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور سنگباری پر لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ اشک آور گیس کے کئی گولے داغے، اس صورتحال میں ٹیر گیس کے گولوں کی گھن گرج سے پورے قصبے میں افراتفری پھیل گئی اور دکانداروں نے آناً فاناً اپنی دکانیں بند کیں، گاڑیاں سڑکوں سے غائب ہوگئیں، مین چوک کے ساتھ ساتھ تحصیل پوائنٹ، خواجہ باغ اڈہ، تانگہ اڈہ، سیمنٹ پل، باٹا گلی اور کریاپا پارک کے نزدیک مظاہرین اور پولیس کے درمیان پتھرائو، جوابی پتھراو اور ٹیر گیس شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوا، مشتعل نوجوانوں کے شدید پتھراو سے نصف درجن پولیس اہلکاروں کو چوٹیں آئیں جبکہ پولیس کارروائی کے دوران بھی اتنی ہی تعداد میں مظاہرین زخمی ہوگئے۔
 
ایک نوجوان سر میں چوٹ لگنے سے بری طرح سے زخمی ہوگیا اور اسے فوری طور پر اسپتال میں داخل کردیا گیا، بھاگم دوڑ کے عالم میں پولیس نے تین نوجوانوں کو حراست میں لیا، بعد میں سیمنٹ پل پر ایک طرف مظاہرین اور دوسری طرف پولیس و فورسز اہلکاروں نے ایک دوسرے کے خلاف مورچہ سنبھالا، جہاں شدید جھڑپوں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا، مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ بھارتی اہلکاروں نے بنگلہ باغ اور سید کریم محلوں میں بلا اشتعال درجنوں رہائشی مکانوں کی توڑ پھوڑ کی، مشتعل اہلکاروں نے دونوں محلوں میں سڑکوں پر کھڑی ایک درجن سے زائد گاڑیوں کی بھی زبردست توڑ پھوڑ کی، مقامی لوگوں کے مطابق فوجی اہلکاروں نے مکانوں پر پتھراو کرکے اوپری منزلوں کے شیشے چکنا چور کردیئے جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خبر کا کوڈ : 151208
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش