QR CodeQR Code

آئی ایم ایف کے اشاروں پر پٹرول کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں، عبدالرشید بیگ

8 Apr 2012 04:14

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر نے کہا کہ پندرہ دنوں بعد قیمتوں پر نظر ثانی کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ عوام کو قیمتوں میں اضافہ کا احساس تک نہ ہو، حکومت نے عوام کو زندہ درگور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر عبدالرشید بیگ نے ہر پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظرثانی کے اوگرا کے فیصلے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اوگرا اور حکومت آئی ایم ایف کے ایما پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے، ماہانہ کی بجائے پندرہ دنوں بعد قیمتوں پر نظرثانی کا فیصلہ دراصل عوامی ردعمل سے بچنے کی کوشش ہے، پندرہ دنوں پر نظرثانی کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ تاکہ قیمتوں میں وہ ہوشربا اضافہ جو ماہانہ بنیادوں پر کیا جاتا تھا جس سے عوام میں اشتعال پیدا ہوتا ہے اسے پندرہ دنوں بعد کیا جائے گا تاکہ عوام کو قیمتوں میں اضافہ کا احساس تک نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب پٹرول کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے عوام کی کمر دوہری کر دی ہے تو دوسری جانب وزیر پٹرولیم عاصم حسین یہ اعلان کرکے شہریوں کو خوفزدہ کر رہے ہیں کہ پندرہ دنوں بعد ہر ہفتے اور اس کے بعد ہر دن قیمتوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے عوام کو زندہ درگور کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اشیائے صرف کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں ایسے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی رہی سہی کسر بھی پوری کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  حکمران عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم اے کے اشارے پر ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر رہے ہیں، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس سے عوام کے مسائل و مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ رشید بیگ نے کہا کہ حکومت ہر بار جب بھی پٹرول کی قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں یہ جواز پیش کرتی ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں مگر اس مرتبہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئی ہیں اس کے باوجود پاکستان میں قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں تھا۔


خبر کا کوڈ: 151310

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/151310/آئی-ایم-ایف-کے-اشاروں-پر-پٹرول-کی-قیمتیں-بڑھائی-جارہی-ہیں-عبدالرشید-بیگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org