QR CodeQR Code

حافظ حسین احمد کی ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی دھرنے میں شرکت، مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی

8 Apr 2012 04:31

اسلام ٹائمز: جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما سے بات چیت کرتے ہوئے علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پر حکومت کی جانب سے عملدرآمد نہیں ہوتا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے سانحہ چلاس اور گلگت و بلتستان میں فرزندان ملت جعفریہ کے ساتھ حکومتی ناروا رویہ کے خلاف، پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے، اس موقع پر جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے دھرنے میں شرکت کی اور سانحہ چلاس کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چلاس میں مسافروں کو بسوں سے اتار کر گولیوں سے چھلنی کرنے کی سفاکانہ واردات کی مذمت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ جوان کے مرکزی سیکریٹری علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے انہیں گلگت و بلتستان کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔

علامہ اعجاز بہشتی نے بتایا کہ گلگت میں بدستور کرفیو نافذ ہے اور پورے شہر میں فوج گشت کر رہی ہے، جس کی وجہ سے ابھی تک شہدائے چلاس کے جنازوں کی تدفین ممکن نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک تمام شہداء کی نعشیں ان کے گھروں تک نہیں پہنچائی جاتیں، علاقہ کو امن و امان کا گہوارہ بنانے کے لیے چلاس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین اپ نہیں ہوتا، شاہراہ قراقرم پر سفر کو محفوظ نہیں بنایا جاتا اور حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے مطابق چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہیں ہوتا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 151313

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/151313/حافظ-حسین-احمد-کی-ایم-ڈبلیو-کے-احتجاجی-دھرنے-میں-شرکت-مظاہرین-ساتھ-اظہار-یکجہتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org