0
Sunday 8 Apr 2012 18:21

ایسی حکومت کی ضرورت ہے جس کو امریکہ نہیں، ملک کا مفاد عزیز ہو، مولانا فضل الرحمن

ایسی حکومت کی ضرورت ہے جس کو امریکہ نہیں، ملک کا مفاد عزیز ہو، مولانا فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جب تک وسائل میں نظم نہیں ہو گا، صحیح بجٹ دینا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی پالیسی اگر درست نہیں ہو گی تو ملک میں کرپشن ہو گی اور اگر بجٹ درست نہ بنایا جائے تو مہنگائی بڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک چھینا جھپٹی اور افراتفری کے عالم میں چل رہا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے، میں کسی کو ناراض کرنے کے لئے یہ بات نہیں کر رہا بلکہ یہ ایک حقیقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو انتہائی نظرانداز کیا جا رہا ہے اور ان کے لئے بجٹ کی مقدار انتہائی قلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن کی زمینی فوج کا خرچ قوم کے پورے سال کی تعلیم کے خرچ کے برابر ہے جبکہ فضائی دفاع کے اخراجات کے ایک دن کا خرچہ بھی قوم کی صحت کے حوالے سے پورے سال کے بجٹ کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دفاعی اخراجات پر یا دفاعی ضروریات پر اعتراض نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کے اخراجات ناگزیر ہیں تو یہ بات بھی ملحوظ خاطر رکھی جائے کہ اچھی تعلیم اور اچھی صحت کے علاوہ صحت مند معاشرہ یا ترقی یافتہ ملک بننے میں بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی الزامات کی سیاست نہیں کی اور نہ ہی اس پر یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے سوال جواب میں کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ پرویز مشرف دور میں ایک یونٹ بجلی پیدا نہیں کی گئی لیکن ابھی کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ایم ایم اے کی حکومت خیبر پختونخواہ میں تھی اس وقت ہر ضلع میں ایک بہترین ہسپتال موجود تھا جبکہ متحدہ مجلس عمل کی حکومت نے خیبر پختوخواہ میں گریجوایشن تک تعلیم کو مفت کر دیا تھا، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ترقی یافتہ ملک بننے کے لئے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جس کو ملک اور قوم کا مفاد عزیز ہو، امریکہ یا کسی دوسری قوت کا نہیں۔ 

خبر کا کوڈ : 151531
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش