0
Sunday 8 Apr 2012 19:15

امریکہ، بھارت اور اسرائیل عالمی امن کے سب سے بڑے دشمن ہیں،صاحبزادہ فضل کریم

امریکہ، بھارت اور اسرائیل عالمی امن کے سب سے بڑے دشمن ہیں،صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ کراچی کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بلوچستان سے بلتستان تک پاکستان جل رہا ہے لیکن سیاستدان اور حکمران سیاست بازی اور الزام تراشی میں مصروف ہیں، پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، پاکستان دشمن طاقتیں فرقہ وارانہ قتل و غارت کے ذریعے ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتی ہیں، تمام مکاتب فکر کے امن پسند علماء فرقہ وارانہ آگ کو بجھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر حکومت اور اپوزیشن نے امریکہ سے معاملات طے کر لئے ہیں لیکن حکمران یاد رکھیں کہ نیٹو سپلائی کی بحالی سانپ کو دودھ پلانے کے مترادف ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو سپلائی کی بندش سے امریکہ اور نیٹو سے زیادہ ہمارے حکمران پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا غلط فیصلہ ملک و قوم کے لیے تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے اس لیے ممبران پارلیمنٹ نیٹو سپلائی کی بحالی کی تجویز مسترد کر کے قوم کے دل جیت سکتے ہیں۔ ممبران اسمبلی اس سنہری موقع کو ضائع نہ کریں اور امریکی غلامی کی زنجیریں توڑ ڈالیں۔

جمعیت علمائے پاکستان کے چیئرمین نے مزید کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل عالمی امن کے سب سے بڑے دشمن ہیں، ان تین ممالک کی وجہ سے پوری دنیا میں انسانوں کا خون بہہ رہا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ لیڈر اور حکمران جذباتیت سے نہیں، معقولیت سے کام لیں اور تکبر کی بجائے تدبر کا مظاہرہ کریں کیونکہ ملک و قوم کو اس وقت کشیدگی کی نہیں کشادگی اور جوش نہیں ہوش کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دعویدار حکمران نیٹو سپلائی کے مسئلہ پر قوم کی عسکریتی آواز سنیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ مسائل زدہ عوام اپنے حق کے لیے آواز اٹھائیں اور حکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ عوامی مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت چل رہی ہے لیکن ملک نہیں چل رہا اور کاروبار سیاست نے باقی سارے کاروبار تباہ کر دیئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک چلانے کے لئے حکمرانوں کو عوام کے جذبات کے مطابق فیصلے کرنا ہوں گے، پاکستان عوام نے بنایا تھا اور اس کی حفاظت کرنا بھی جانتے ہیں، حکمران امریکہ نہیں ملکی مفاد میں فیصلے کریں۔ 

خبر کا کوڈ : 151539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش