0
Sunday 8 Apr 2012 21:40

سیاسی قیادت ہندوستان سے اچھے تعلقات چاہتی ہے، فوج بھی اعتراض نہ کرے، وزیراعظم

آئی ایس آئی کے اندر کوئی سیاسی ونگ نہیں ہونا چاہیئے
سیاسی قیادت ہندوستان سے اچھے تعلقات چاہتی ہے، فوج بھی اعتراض نہ کرے، وزیراعظم

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ہندوستان سے اچھے تعلقات چاہتی ہیں، فوجی اسٹیبلشمنٹ کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پرنٹ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ بھارت کامیاب رہا ہے۔ دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے اور متنازع امور پر بات چیت کے ذریعے حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے متنازع امور کے حل کے لئے مذاکراتی عمل شروع ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے صرف 500 میگا واٹ بجلی لینے کی بات ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف شواہد کے حوالے سے دونوں ممالک رابطے میں ہیں۔ جب پیش کئے جائیں گے تو ان کا جائزہ لیں گے کہ عدالت میں پیش کرنے کے قابل ہیں بھی یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16اپریل کو اسلام آباد میں ہونے والے سیکرٹری سطح کے مذاکرات میں حافظ سعید کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کا بھی پاکستان کو مشورہ ہے کہ بھارت سے اچھے تعلقات ہونے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین، ہندوستان، ایران اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت شروع ہو گئی تو خطے میں استحکام پیدا ہو جائے گا۔ 

آئی ایس آئی کے سیاسی کردار بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایس آئی کا سیاسی کردار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ9 اپریل کو ایوان وزیراعلٰی لاہور میں میاں شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والی توانائی کانفرنس میں ٹیکنوکریٹس حقائق سامنے لائیں گے تو مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کے پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تحفظات دور ہو جائیں گے۔

 
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کا کوئی سیاسی ونگ نہیں ہونا چاہیئے، حسین حقانی کو حکومت نے فرار نہیں کروایا، سابق سفیر کا نام ای سی ایل میں شامل تھا، عدالت نے نکلوایا۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا دورہ بھارت کامیاب رہا۔ اچھے تعلقات پاکستان اور بھارت دونوں کے مفاد میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ امریکا میں تعینات سابق سفیر حسین حقانی کو ہم نے فرار کروایا۔ ان کا نام ای سی ایل میں شامل تھا، عدالت نے نکلوایا۔
 
وزیراعظم نے واضع کیا کہ پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کا کوئی سیاسی ونگ نہیں ہونا چاہیئے۔ حافظ سعید سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے گیلانی کا کہنا تھا کہ جماعتہ الدعوہ کے امیر حافظ سعید کے معاملے پر پاک بھارت سیکرٹری خارجہ بات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ سب کو ساتھ لے کر چل رہا ہوں اور چلنا بھی ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف کل ہونے والی انرجی کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں جس کے بعد ماحول ٹھیک ہو جائے گا۔ 

خبر کا کوڈ : 151554
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش