QR CodeQR Code

شہدائے سیاچن کی بلندی درجات کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کا ملک گیر یوم ترحیم منانے کا اعلان

8 Apr 2012 22:55

اسلام ٹائمز: ٹی این ایف جے کے ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے والے افواجِ پاکستان کے سپوت قومی ہیرو ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان‘ کوئٹہ اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے اہل وطن کیلئے فاتحہ خوانی اور مجالس تراحیم منعقد کی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے سیاچن گلیشئر کے گلیاری سیکٹر میں فوجی کیمپ پر برفانی تودہ گرنے کے سانحہ کو عظیم قومی المیہ قراردیتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے عساکر پاکستان کے جوانوں اور کراچی‘ کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے اہل وطن کے درجات کی بلندی کیلئے سوموار 9اپریل کو ملک گیر ’’ یوم ترحیم ‘‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات میں ملکی سرحدوں کی حفاظت اوراندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے والے افواجِ پاکستان کے سپوتوں کی سلامتی اور حفاظت کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں کیونکہ یہ ہیروز قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
 
آقای موسوی نے کہا کہ یہ شہداء درحقیقت قومی اعزازات اور قومی تمغوں کے مستحق ہیں جن کے غمزدہ خاندانوں کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان‘ چلاس‘ کوئٹہ اور کراچی میں پے درپے ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والے بے گناہ شہریوں کے ایصالِ ثواب کیلئے یوم ترحیم کے موقع پر قرآن خوانی‘ مجالس تراحیم اور فاتحہ خوانی کرکے ان کے لواحقین کے زخموں کیلئے مرہم کا سامان بہم پہنچایا جائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والے اہل وطن کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے اورلواحقین کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی کرے‘ عدلیہ تمام سانحات کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دے۔ آقای موسوی نے اپیل کی کہ یوم ترحیم کے پروگراموں میں دہشتگردی کے خاتمے‘ امن کی بحالی‘ وطن عزیز اور اہل وطن کی آفات و بلیات اور حادثات و سانحات سے مامون و محفوظ رہنے بالخصوص عساکر پاکستان اور قوم وملک کی حفاظت کیلئے بارگاہِ خداوندی میں خضوغ و خشوع کے ساتھ دعائیں مانگی جائیں۔ 


خبر کا کوڈ: 151582

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/151582/شہدائے-سیاچن-کی-بلندی-درجات-کیلئے-تحریک-نفاذ-فقہ-جعفریہ-کا-ملک-گیر-یوم-ترحیم-منانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org