0
Monday 9 Apr 2012 16:39

عوام فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بنا دیں، صاحبزادہ فضل کریم

عوام فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بنا دیں، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ حکمرانوں، اپوزیشن اور اتحادیوں نے ملک و قوم کو بحرانوں، مایوسیوں، معاشی بدحالی، مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور دہشت گردی کے واقعات کے سوا کچھ نہیں دیا۔ قومی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیئے لیکن فرینڈلی اپوزیشن اور اتحادی ذاتی، سیاسی مفادات کو مرکز سیاست بنائے ہوئے ہیں۔ جمہوری دور میں دہشت گردی کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں عوام فرقہ وارانہ سازش ناکام بنا دیں۔

انہوں نے کہا ایسے حالات میں قیام پاکستان کے اصل مقاصد کی تکمیل اور ملک میں نظام مصطفی کے عملی نفاذ کیلئے فیصلہ کن جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سبحانیہ رضویہ بن قاسم ٹاؤن میں علماء و مشائخ، رہنماؤں اور کارکنوں کی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس امر پر گہرے افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گرد ملک بھر میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ علماء و مشائخ کو قتل کر کے ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش کی جا رہی ہے، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری روکنے کے حوالے سے حکومت سپریم کورٹ کے مشاہدات اور فیصلوں پر عمل کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کوئٹہ میں قتل کئے جانے والے معروف عالم دین علامہ قاسم ساسولی کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام پسند، محب وطن اور اسلام کی درست تشریح کرنے والے علمائے کرام کو نشانہ بنانا عالمی سازش کا حصہ ہے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی کوشش ناکام بنادی جائے گی۔ فکری نشست میں مرکزی جے یو پی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے سرپرست طارق محبوب، مرکزی جے یو پی کراچی کے صدر صوفی ارشد القادری، علامہ فیصل عزیزی، مفتی حفیظ الدین، علامہ محمد اشرف گورمانی، مولانا محمد امین نقشبندی، اے این آئی پاکستان سندھ کے رہنما مبشر علی قادری، کراچی کے کنوینر مسعود عالم، شاہ عالم، نعیم احمد، محمد نفیس اور دیگر نے شرکت کی۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکومت نے نیٹو فورسز کو سپلائی کا فیصلہ کرلیا ہے اگر اس پر عمل کیا گیا تو موجودہ حکومت کا ایک اور سیاہ ترین کارنامہ ثابت ہوگا۔ تاہم عوام نیٹو سپلائی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کا جان و مال لٹ رہا ہے۔ لوگ دہشت گردی کے واقعات میں مارے جا رہے ہیں، بیروزگاری سے تنگ لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں، مہنگائی نے تمام طبقات کو بے حد متاثر کر رکھا ہے مگر حکمرانوں، اپوزیشن اور اتحادیوں کی بیان بازیاں غریب و بے حال عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ مگر عوام مایوس نہ ہوں پاکستان کو درپیش مشکل حالات جلد ختم ہوں گے اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 151793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش