0
Tuesday 10 Apr 2012 23:12

پاکستانی اور کشمیری قیادت کے باہمی ربط سے مسئلہ کشمیر حل ہو گا، سجاد کریم

پاکستانی اور کشمیری قیادت کے باہمی ربط سے مسئلہ کشمیر حل ہو گا، سجاد کریم
اسلام ٹائمز۔ رکن یورپی پارلیمنٹ اور پاکستانی نژاد برطانوی شہری سجاد کریم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اجتماعی قبروں کی دریافت نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پول کھول دیا ہے۔ مظفر آباد میں کشمیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے سجاد کریم نے کہا کہ بطور ممبر یورپی یونین پارلیمنٹ اُنہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے پر امن اور دیر پا حل کیلئے آواز اُٹھائی ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، انہوں نے کشمیر میں ہونے والی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری باالخصوص یورپی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں۔
 
یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کے سجاد کریم مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح بالخصوص یورپی پارلیمنٹ میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جس پر کشمیر ی قوم اُن کی ممنون ہے، اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ سجاد کریم یونیورسٹی طلباء کیلئے دیگر یورپی ممالک میں اسکالرشپ کے حصول اور تحقیق کے شعبہ میں اعلی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط قائم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

سیمینار کے آخر میں سجاد کریم نے شرکاء کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیری قیادت کے باہمی روابط اور مضبوط خارجہ پالیسی کے باعث ہی مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں نوجوان نسل کو اعلی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تقریب میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے علاوہ وزراء چوہدری لطیف اکبر، چوہدری اکبر ابراہیم، عبدالماجد خان اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر غلام غوث، ڈاکٹر نثار حسین ہمدانی، ڈاکٹر فیض الرحمن ڈاکٹر ندیم حید ر بخاری اور کشمیر اسٹڈیز فورم کے عہدیدران نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 151837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش