QR CodeQR Code

بھارت اور امریکہ گلگت بلتستان میں خوفناک سازشیں کر رہے ہیں، حافظ سعید

9 Apr 2012 21:26

اسلام ٹائمز:امیر جماعت الدعوۃ کا کہنا ہے کہ مذہبی و سیاسی جماعتوں سے رابطہ مہم تیز کر کے نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے خلاف تحریک مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے لاہور میں سیرت النبی (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور امریکہ کی اسلام اور پاکستان دشمنی واضح ہو چکی ہے، امریکی دھمکیوں سے مرعوب ہو کر نیٹو سپلائی بحالی کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان پر دباؤ بڑھانے اور بھارت کو خوش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بھارت اور امریکہ گلگت بلتستان میں خوفناک سازشیں کر رہے ہیں ہم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی و سیاسی جماعتوں سے رابطہ مہم تیز کر کے نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے خلاف تحریک مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اپنے سر پر لگائی جانے والی رقم کے حوالے سے امیر جماعت الدعوۃ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اپنے سر اللہ کے نام وقف کر رکھے ہوں ان کے سروں کی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ غاصب بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر سے نکلنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، مظلوم کشمیریوں کی مدد اور حمایت جاری رکھیں گے۔

حافظ سعید نے مزید کہا کہ امریکہ اور بھارت تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جماعت الدعوۃ کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے کہا کہ ایک افسر کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے کہ جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید دہشت گردوں کو راہ راست پر لانے کی مہم میں شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم دہشت گردوں کو سدھارنے کے کسی پروگرام یا مہم میں شریک نہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 151847

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/151847/بھارت-اور-امریکہ-گلگت-بلتستان-میں-خوفناک-سازشیں-کر-رہے-ہیں-حافظ-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org