0
Friday 13 Apr 2012 22:07

عنقریب برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اٹھایا جائیگا، لارڈ نذیر

عنقریب برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اٹھایا جائیگا، لارڈ نذیر
اسلام ٹائمز۔ برطانوی ہاوس آف لارڈز کے رکن و برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چیئرمین لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ بہت جلد برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو باضابطہ طور پر اٹھایا جائے گا، انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ظہرانے میں امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، اسپین، فرانس، ناروے، بیلجیم سے آئے ہوئے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ برطانیہ سے مسئلہ کشمیرکو پورے یورپ اور انٹرنیشنل کمیونٹی میں اٹھایا جا سکتا ہے۔
 
لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ انکی کوششوں سے چونسٹھ سال میں پہلی دفعہ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ نے اب مسئلہ کشمیر پر توجہ دینا شروع کردی ہے، انہوں نے کہا کہ انکی کوشش ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر دوبارہ بحث کی جائے، لارڈ احمد نے اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کی تعریف بھی کی، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ لارڈ نذیر احمد کی مسئلہ کشمیرکے حوالے سے خدمات قابل تعریف ہیں۔
 
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوانے کے لئے بین الاقوامی سطح پر تحریک کو موثر بنانا ہو گا، انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا اور نہ ہی گلوبل ویلج میں اہم پلئیر کا کردار ادا کر سکتا ہے جب تک کہ وہ مسئلہ کشمیر حل نہیں کرتا، اس موقع پر لارڈ نذیر احمد نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانوی پارلیمنٹ میں آنے کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی۔
خبر کا کوڈ : 152938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش