QR CodeQR Code

کوئٹہ پھر لہو لہو، تین مقامات پر دہشتگردی، پولیس اہلکار سمیت 9 افراد جاں بحق

14 Apr 2012 10:15

اسلام ٹائمز: گذشتہ روز ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے دھرنے کے موقع پر گورنر بلوچستان نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلٰی حالات پر کنٹرول نہیں کر سکے تو فوج آئے گی۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں چند منٹوں میں تین مقامات پر فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت آٹھ افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے۔ پہلا واقعہ اسپنی روڈ سے منسلک بروری روڈ پر پیش آیا جہاں ہزارہ کمیونٹی کے افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے یہ افراد گاڑی میں سوار ہو کر بروری روڈ سے گزر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ دہشتگردی کے اس واقعہ میں سات افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو کوئٹہ کے بولان میڈیکل ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ دوسرا واقعہ سبل روڈ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔ تیسرا واقعہ قلی چلتن روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں نو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ میڈیا کے مطابق بروری روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چھ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے جبکہ سبزل روڈ پر فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں اور لاشوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے بعد دونوں علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے دھرنے کے موقع پر گورنر بلوچستان نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلٰی حالات پر کنٹرول نہیں کر سکے تو فوج آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 153075

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/153075/کوئٹہ-پھر-لہو-تین-مقامات-پر-دہشتگردی-پولیس-اہلکار-سمیت-9-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org