0
Sunday 15 Apr 2012 01:21

حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار ہوا، صابر شاہ

حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحران کا شکار ہوا، صابر شاہ
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان بننے سے اب تک صحیح سمیت متعین نہ ہونے کی وجہ سے ملک دن بدن گھمبیر مسائل میں دھنستا جارہا ہے، پاکستان موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور منصوبہ بندیوں کی وجہ سے معاشی طور پر تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے، امیر امیر تر اور غربت غریب تر ہو رہا ہے۔ سونامی میں بہننے والے اب واپسی کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ 

پیر صابر شاہ نے کہا کہ جب تک پسند و ناپسند سے ہٹ کر اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر حکمران صرف ملک و قوم کیلئے منصوبہ بندی نہیں کرینگے نہ معاشی ترقی ممکن ہے اور نہ ہی ملک میں امن و امان کی فضاء پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور پٹرول و بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام سے قوت خرید کی استطاعت چھین لی ہے اور سب سے زیادہ متاثر درمیانہ طبقہ ہوا ہے جو کہ ختم ہی ہو چکا ہے۔ صوبائی صدر پی ایم ایل (ن) نے کہا کہ پہلی دفعہ ایسا ہوا ہے کہ ایک جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے کے قریب ہے لیکن یہ صرف اور صرف نوازشریف اور مسلم لیگ کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ہوا ورنہ شب خون مارنے والے کئی دفعہ پرتول چکے تھے۔
 
انہوں نے کہا کہ آئندہ دور مسلم لیگ نواز کا ہوگا اور ہم عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے، نواز لیگ کو چھوڑ جانے والے اب پریشان ہیں اور واپسی کی راہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے ٹکٹوں کا فیصلہ ان کی مرکزی کمیٹی کرتی ہے اور وہ جس کو مناسب سمجھے گی اسے ہی ٹکٹ ملے گا، پیر صابر شاہ نے کہا کہ جمہوریت میں عوامی رائے سب سے مقدم ہے۔ تناول کے عوام کی رائے کو مقدمہ رکھ کر ضلع تناول کا فیصلہ کیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے ان کی آئندہ نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 153321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش