QR CodeQR Code

علماء کانفرنس فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور وحدت کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی، علامہ ساجد نقوی

16 Apr 2012 20:32

اسلام ٹائمز: شیعہ علماء کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دینے والے علماء کرام مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے اصلاح احوال کے لئے اقدامات تجویز کریں گے اور حکومت و ریاست کے ذمہ داروں کی توجہ اس جانب مبذول کرائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ مسلسل ٹارگٹ کلنگ، دھماکے، سفاکیت و بربریت اور درندگی سے بے گناہ عوام کا قتل عام، وحشی درندوں کے خلاف آپریشن سے پہلو تہی اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں شدت یہ ظاہر کرتی ہے کہ اس ملک میں مجبور و بے بس عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور جنگل سے بھی بدتر صورتحال میں ملک قتل گاہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ وطن عزیز کے ان دگرگوں حالات میں ملک کے محب وطن اور معاشرہ کے ذمہ دار ترین افراد یعنی علمائے کرام کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 اپریل 2012ء کو منعقد ہونے والی ’’علماء کانفرنس‘‘ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ، اتحاد و وحدت کی ترویج، امت مسلمہ، امت واحدہ کے تصور کو حقیقی روپ دینے اور ملک کے داخلی امن و سلامتی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی۔
 
سربراہ شیعہ علماء کونسل نے کہا ہے کہ معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دینے والے علماء کرام مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے اصلاح احوال کے لئے اقدامات تجویز کریں گے اور حکومت و ریاست کے ذمہ داروں کی توجہ اس جانب مبذول کرائیں گے کہ وہ عوام کے جانی و مالی تحفظ جیسی اولین اور بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت نہ برتے اور ان سانحات کے پس پردہ حقائق منظر عام پر لا کر عوام کو حقیقت حال سے آگاہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے جید علماء کرام اپنے اپنے علاقوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی صورتحال، اصلاح معاشرہ اور اتحاد بین المسلمین کی خاطر کئے گئے اقدامات سے بھی شرکاء کو آگاہ کریں گے، جن کے تجربات سے دیگر احباب بھی استفادہ کریں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 153869

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/153869/علماء-کانفرنس-فرقہ-وارانہ-ہم-آہنگی-اور-وحدت-کیلئے-سنگ-میل-ثابت-ہو-گی-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org