0
Tuesday 17 Apr 2012 09:13

شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج ملی بیداری کا ثبوت ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج ملی بیداری کا ثبوت ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں ملت جعفریہ نے بیداری کا ثبوت دیا ہے۔ لاہور میں اسلام ٹائمز کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ حکومت سے ہونے والے مذاکرات میں مجلس وحدت مسلمین نے قومی موقف پیش کر کے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی طاقت اہل تشیع کے حقوق کو غصب کرنے کی جرات نہیں کر سکتی۔
 
انہوں نے حکومت کی طرف سے ایم ڈبلیو ایم کے مسلسل دھرنے کے بعد مطالبات کو تسلیم کرنے کو کامیابی قرار دینے سے معذوری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے قاتل ابھی دندناتے پھر رہے ہیں، بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ البتہ حکومت اور میڈیا متوجہ ضرور ہوئے ہیں، جبکہ جدوجہد جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے کوشش کی ہے کہ ملت کے متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھی جائے اور اس حوالے سے جلد امدادی چیک شہدا کے لواحقین کو ملنا شروع ہو جائیں گے۔ 

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ملت جعفریہ میں پیدا ہونے والی بیداری کی لہر کو جاری رکھیں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے کہ مطالبات کی روشنی میں اقدامات کرے۔ انہوں نے علماء اور عمائدین گلگت بلتستان کی طرف سے پیش کئے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ کو منظور کرنے اور مظفر آباد استور روڈ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جزوی نہیں مکمل طور پر گلگت سے کرفیو اٹھایا جائے، لوگوں کو شہری آزادیاں دی جائیں۔ گھٹن کے ماحول کو ختم کیا جائے تاکہ معمولات زندگی بحال ہوں۔ انہوں نے سانح کوہستان اور سانحہ چلاس کے ذمہ داروں کی گرفتاری اور گرفتار شیعہ رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ 

ایک سوال کے جواب میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سربراہ نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات میں مطالبات پر عمل کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی اور اگر لیت و لعل سے کام لیا گیا تو پھر ملک بھر میں احتجاج شروع کر دیا جائے گا، جو مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ملت کو اتحاد کی طرف بڑھتے ہوئے اقدامات کی خوشخبری دیں گے۔ انہوں پائیدار امن کو گلگت بلتستان اور ملکی سلامتی کے لئے ضروری قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز فوجی آپریشن کا بھی مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 153999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش