QR CodeQR Code

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، جناح کالج کے وائس پرنسپل عمران زیدی جاں بحق

17 Apr 2012 20:19

اسلام ٹائمز: واضح رہے کہ صرف سینٹرل ڈسٹرکٹ کراچی میں گزشتہ ماہ میں ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے 23 افراد کو شہید کیا جا چکا ہے، شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کالعدم جماعتوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب گھات لگائے دہشتگردوں کی گاڑی نمبر 8473، مہران پر فائرنگ کے نتیجہ میں جناح کالج کے وائس پرنسپل 45 سالہ عمران زیدی ولد امام زیدی موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ جن کے جسد خاکی کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہید کے سر اور جسم میں گولیاں لگی ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی کے صرف ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گزشتہ ماہ میں 23 ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو شہید کیا جا چکا ہے، شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کالعدم جماعتوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

اس ساری صورتحال میں پولیس کے ایس ایس پی سینٹرل عاصم قائم خانی جو کہ ایم کیو ایم کے رہنما انیس قائم خانی کے رشتہ دار بھی ہیں، نے تاحال کسی دہشتگرد کو گرفتار نہیں کیا، اب تک ٹارگٹ کلنگ کے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام نے ایس ایس پی کو نہ ہی معطل کیا ہے اور نہ ہی اس کی خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے اور شیعہ نسل کشی روکنے کے حوالے سے صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان اور آئی جی سندھ کا کردار بھی مشکوک ہے۔ درایں اثناء مجلس وحدت مسلمین، جعفریہ الائنس اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں نے عمران زیدی کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملت جعفریہ کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 154205

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/154205/کراچی-میں-ٹارگٹ-کلنگ-جناح-کالج-کے-وائس-پرنسپل-عمران-زیدی-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org