0
Wednesday 18 Apr 2012 23:57

ایران پر کسی بھی وقت حملہ کیا جا سکتا ہے،اسرائیل، حملے کی دھمکی مناسب نہیں، روس

ایران پر کسی بھی وقت حملہ کیا جا سکتا ہے،اسرائیل، حملے کی دھمکی مناسب نہیں، روس
اسلام ٹائمز۔ روس نے نے ایران پر فوجی حملے کی دھمکی کو نامناسب قرار دے دیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ ماسکو ایران کے جوہری پروگرام کیخلاف ہے، لیکن اس سلسلے میں دھمکی آمیز رویہ اختیار کر کے کشیدگی کو ہوا دینا نامناسب ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اسرائیلی کونسل برائے قومی سلامتی کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ روس ایران کے جوہری پروگرام کا حامی نہیں ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں تناؤ میں اضافہ کرنا اور ایران پر حملے کی دھمکی دینا غیر مناسب رویہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مشرق وسطٰی کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ادھر اسرائیلی وزیر دفاع ایہود بارک نے کہا ہے کہ ایران پر کسی وقت بھی حملہ کیا جاسکتا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع ایہود بارک نے اسرائیلی فوج کے ریڈیو پر خطاب کے دوران ایران پر حملے کی دھمکی دے دی۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر کسی بھی وقت حملہ کیا جاسکتا ہے۔ امریکا کے کہنے پر اسرائیل حملے کا آپشن ختم نہیں کر سکتا۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہا ایران کے ایٹمی معاملے پر مذاکرات کرنا بے سود ہے۔ اسرائیل اچھی طرح جانتا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو کس طرح روکا جاسکتا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع ایہود بارک کا کہنا ہے کہ امریکا سے ایران پر حملہ نہ کرنے کا وعدہ نہیں کیا۔ تہران کے جوہری تنازعے کا سفارتی حل وقت ضایع کرنے کے برابر ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی ریڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے ایہود براک نے کہا کہ ایران کے جوہری تنازعے پر اسرائیل کا موقف واضع اور دو ٹوک ہے۔ اس حوالے سے امریکا سے براہ راست بات چیت ہوتی ہے۔ ایہود براک کا کہنا تھا کہ جوہری ایران عالمی امن کیلئے خطرہ ہو گا اور اسرائیل اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔ 
خبر کا کوڈ : 154548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش