0
Friday 20 Apr 2012 20:39

باضمیر اور محب وطن صحافی امریکی سازشوں کو بے نقاب کرکے وطن کا دفاع کریں، علامہ امین شہیدی

باضمیر اور محب وطن صحافی امریکی سازشوں کو بے نقاب کرکے وطن کا دفاع کریں، علامہ امین شہیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے لاہور میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے میں مغربی یلغار کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں اور وطن عزیز کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں، استعمار نے میڈیا کو ہائی جیک کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے، جس کے لئے اربوں ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے رائے عامہ کو گمراہ کرنے کیلئے چند صحافیوں کو خریدا ہے اور باقیوں سے روابط کئے جا رہے ہیں، لیکن خوددار اور باضمیر صحافی امریکی چالوں میں نہیں آئیں گے۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ امریکہ چھوٹے شہروں سے صحافیوں کو اسلام آباد لا کر ورکشاپس میں ان کی تربیت اس انداز میں کر رہا ہے کہ وہ ان کا سافٹ امیج عوام میں پورٹریٹ کریں، لیکن ایسا ممکن نہیں، ایک طرف امریکہ بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام میں مصروف ہے، دوسری جانب وہ عوام میں سافٹ امیج رائج کرنا چاہتا ہے، جو کہ کھلا تضاد ہے اور پاکستان کے عوام باشعور ہیں جو امریکہ کے بہکاؤوں میں نہیں آتے۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں باضمیر اور محب وطن صحافیوں کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، تاکہ وہ اپنے قلم کے ذریعے بہتر انداز میں جہاد کریں اور استعماری سازشوں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام اب کسی کے بہکاوے میں نہیں آتے، بلکہ جو صحافی اور اینکر ٹی وی پر بیٹھ کر امریکہ سے لوگوں کو ڈراتے ہیں اور اس کی جدید ٹیکنالوجی کے گن گا کر عوام کے دلوں میں خوف بٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، عوام اسی وقت انہیں امریکی ایجنٹ ڈکلیئر کر دیتے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ امریکہ جتنی مرضی رقم خرچ کرے، پاکستان کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی مسؤل اطلاعات سید ناصر عباس شیرازی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، مسؤل تربیتی امور علامہ ابوذر مہدوی، علامہ اظہر حسن کرڑ، سید اسد عباس نقوی، رائے ماجد رضا، رائے محمد ناصر، مظاہر شگری اور دیگر علماء اور کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ 
خبر کا کوڈ : 155036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش