QR CodeQR Code

کلرکس ایسوسی ایشن کا پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کرنے کا اعلان

23 Apr 2012 19:37

اسلام ٹائمز: ایپکا کے مرکزی ایڈوائزر میاں اکرام الحق نے رحیم یار خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مسلسل ہٹ دھرمی، کلرکوں و ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری میں تاخیر کے خلاف ملک بھر کے لاکھوں کلرک 25 اپریل کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا گھیرائو کرینگے اور دھرنا دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی ایڈوائزر میاں اکرام الحق نے رحیم یار خان میں ایپکا آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مسلسل ہٹ دھرمی، کلرکوں و ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری میں تاخیر کے خلاف ملک بھر کے لاکھوں کلرک 25 اپریل بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا گھیرائو اور دھرنا دینگے۔ مرکزی ایڈوائزر ایپکا میاں اکرام الحق نے کہا کہ 24 اپریل کو ملک بھر کے تمام اضلاع سے کلرکوں کے قافلے جوق در جوق اسلام آباد روانہ ہونگے، انتظامیہ نے قافلوں کو روکنے کی کوشش کی تو سخت مزاحمت کرینگے۔
 
مرکزی رہنماء نے کہا کہ تشدد اور لاٹھی چارج سے اور پولیس کے خوف وہراس سے ہماری پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 اپریل کو ملک بھر کے تمام اضلاع کے دفاتر میں مکمل ہڑتال اور تالا بندی ہو گی ایپکا رہنمائوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور ممبران اسمبلی سے استدعا کی کہ حقوق کی اس پرامن جدوجہد میں ایپکا کا ساتھ دیں اور اسمبلی میں بھر پور آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایپکا کی جدوجہد مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی، ایپکا اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ سے دستبردار نہیں ہوگی۔
 
انہوں نے کہا کہ جدوجہد اور تحریک کا دائرہ وسیع کر دیا جائیگا، اسلام آباد میں دھرنے کی قیادت ایپکا کے مرکزی سرپرست اعلی سید ہدایت یار بخاری اور مرکزی صدر ایپکا پاکستان دوست محمد بروہی کرینگے جبکہ پنجاب سے صوبائی قافلے کی قیادت صوبائی صدر ایپکا پنجاب اختر رسول اور جنرل سیکرٹری محمد ادریس غوری، صوبائی نائب صدر جام منیر اختر، سندھ سے صوبائی صدر سید امان اللہ مشوانی، بلوچستان سے صوبائی صدر داد محمد بلوچ، خیر پختونخواہ سے اورنگزیب کشمیری، آزاد کشمیر سے راجہ محمد ظہور قافلوں کی قیادت کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 155838

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/155838/کلرکس-ایسوسی-ایشن-کا-پارلیمنٹ-ہائوس-گھیرائو-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org