0
Monday 23 Apr 2012 23:57

میڈیا پر غیر اخلاقی پروگرامات و اشتہارات سے پاکستان کا اسلامی تشخص مجروح ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ

میڈیا پر غیر اخلاقی پروگرامات و اشتہارات سے پاکستان کا اسلامی تشخص مجروح ہو رہا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ میڈیا پر اخلاق باختہ پروگرامات و اشتہارات سے پاکستان کا اسلامی تشخص مجروح ہو رہا ہے، ملک کے آئین و قانون کی تضحیک ہو رہی ہے، قومی ادارے پیمرا نے میڈیا پر پھیلنے والی فحاشی و عریانی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں، نجی پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھارتی فلمیں تو الگ بھارتی چینلز کی تہذیب و ثقافت پر مبنی عریاں پروگرامات نشر ہو رہے ہیں، حکومت اور پیمرا کو ان پروگرامات کو بند کرنے کی توفیق نہیں ہورہی۔ دارالسلام ملتان سے جاری بیان کے مطابق لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ تمام چینلز ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ فیشن شوز کے نام پر جو مناظر خبرنامے میں پیش کیے جاتے ہیں انہیں دیکھ کر گماں ہوتا ہے کہ کوئی یورپی چینل دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین و قانون کے تحت کوئی بھی میڈیا سے تعلق رکھنے والا ادارہ بے ہودہ مواد شائع اور ٹی وی چینل پر پروگرام نشر نہیں کر سکتا لیکن پاکستان میں یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہاں کوئی قانون و آئین ہی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ فحاشی و عریانی کے سیلاب نے اب تعلیمی اداروں کا رخ اختیار کر لیا ہے، ناچ گانے کے کلچر کو پروان چڑھا کر نوجوان نسل کو دین اسلام کی تعلیمات سے بیزار کرنے کے مذموم ایجنڈے پر کام کیا جا رہا ہے۔ 

لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اخلاق سوز پروگرامات دکھانا بند کرے، پاکستان ٹیلی وژن سمیت تمام نجی چینلز پر بھارتی پروگرامات نشر ہونے پر پابندی عائد کی جائے اور قومی ادارہ پیمرا اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے فحاشی و عریانی کا تدارک نہ کیا تو پورے ملک میں جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور پیمرا دفاتر کے باہر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 155980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش