0
Wednesday 25 Apr 2012 03:05

نبی ص کی محبت اور انکے اہلبیت ع سے ہمارا اٹل رشتہ ختم نہیں کیا جاسکتا، جنرل (ر) حمید گل

نبی ص کی محبت اور انکے اہلبیت ع سے ہمارا اٹل رشتہ ختم نہیں کیا جاسکتا، جنرل (ر) حمید گل

اسلام ٹائمز۔ جناب سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کا مقام نہ صرف اس دنیا میں بلکہ جنت میں بھی عظیم تر ہے۔ دور حاضر میں عورت اور مرد کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی، مغربی این جی اووز کی سازش اور ملی بھگت سے ہماری پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کیا گیا جو ہماری اقدار کے سراسر منافی ہے اور ہمارے معاشرے کو مادر پدر آزاد بنانے کی ایک گھنائونی سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) حمید گل نے پی سی راولپنڈی میں مرکزی امام حسین ع کونسل کے زیراہتمام منعقدہ شہادت فاطمۃ الزہراء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انٹر سروسز انٹیلی جنس کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ نبی ص کی محبت اور ان کے اہل بیت ع سے ہمارا اٹل رشتہ ختم نہیں کیا جا سکتا۔ نبی ص کے عزیز ہمارے لئے بہت عزیز ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہادتوں کا سلسلہ ہماری سرشت میں شامل ہے جو جاری رہے گا۔ پوری دنیا کو رسم شبیر ع اور جناب فاطمہ کے نمونے کی ضرورت ہے۔ پوری انسانیت کو ان ذوات مقدسہ کے سائے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے پاس ماسوائے ان پاک ہستیوں کے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے اور ہمارے تمام مسائل کا حل ان کے نقش قدم پر چلنے میں مضمر ہے۔ 

جنرل حمید گل کا کہنا تھا کہ عالمی استعمار اس وقت تڑپ رہا ہے۔ کبھی یزید اور کبھی بش کی شکل میں نمودار ہونے والا استعمار آخری سانسیں لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارے پاس ظلم سے نبرد آزما ہونے والی علامتیں موجود ہیں۔ انہی کی بدولت ایران میں انقلاب آیا اور اب پاکستان میں بھی انقلاب آکر رہے گا۔ جنرل حمید گل نے کہا کہ اس وقت ہمیں وقت کے بڑے فرعون و یزید امریکہ کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہے جو بکھر رہا ہے۔ یہ دور امکانات، امتحانات اور خطرات کا دور ہے جو ملت اسلامیہ، پاکستان اور انسانیت کو ایک نئی ڈگر پر چلا سکتا ہے۔

خبر کا کوڈ : 156331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش