0
Thursday 26 Apr 2012 08:06

یوم شہادت خاتون جنت ؑ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

یوم شہادت خاتون جنت ؑ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ بنتِ پیمبر ؐ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یوم شہادت بدھ کو دنیا بھر کی طرح وطن عزیز پاکستان میں مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا جس کے ساتھ ہی عالمی عشرہ عزائے فاطمیہ ؑ کے پروگرام اختتام پذیر ہوگئے۔ اس موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مجالس عزا ہوئیں اور مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں عزاداران نے بھرپور شرکت کرکے حضور ختمی مرتبت ؐ کو ان کی پیاری بیٹی کا پرسہ پیش کیا۔ خواتین کی مجالس میں خاتونِ جنت ؑ کے تابوت برآمد کیے گئے۔

راولپنڈی میں شہادت خاتون جنت ؑ کا مرکزی جلوس ڈھوک رتہ میں جرار حسین جعفری کے زیر اہتمام اعوان ہاؤس سے برآمد ہوا جس میں راولپنڈی ریجن کے تمام ماتمی دستوں نے ماتمداری اور نوحہ خوانی کی۔ مرکزی جلوس علم اپنے مقررہ راستوں سے گزر کر امام بارگاہ کشمیریاں میں اختتام پذیر ہوا۔ قبل ازیں مجلس عزا ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ قرآن عظمت محمد و آل محمد کا قصیدہ ہے جس سے سبق حاصل کرکے ہم اپنی نجات کا سامان کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی ؑ کی محبت گناہوں کو جلا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ ؑ وہ پاکیزہ بی بی ہیں جن کے احترام میں حضور اکرم ؐ کھڑے ہو جایا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ و مدینہ کے تاریخی قبرستانوں جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں مدفون جگرپارہ مصطفی حضرت سیدہ فاطمہ زہرا ؑ اور دیگر مشاہیر دین و شریعت کے مزارات مقدسہ کی خستہ حالی عالم اسلام کے دامن پر بدنما داغ ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ روضہ ہائے قدسیہ کی از سرنو تعمیر اور عظمت رفتہ کی بحالی عالم اسلام کے مصائب کے خاتمے اور مسائل کے حل کی ضمانت ہے لہذا مسلم حکمران اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ اس موقع پر ناظم منبر سید ریاض حسین کاظمی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد ہزاروں شرکائے مجلس نے متفقہ طور پر پرجوش نعروں کی گونج میں منظور کی۔ جس میں وطن عزیز میں امن و امان کی مخدوش صورتحال، افراتفری، بے چینی، اندرونی و بیرونی دباؤ، دھماکوںِ، خودکش حملوں، ٹارگٹ کلنگ، جلاؤ گھیراؤ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا گیا کے بیگناہ افراد کا قتل عام روزمرہ کا معمول بن چکا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔

قرارداد میں واضح کیا گیا کہ دہشتگرد کسی رو و رعایت کے مستحق نہیں کیونکہ بقول آغا سید حامد علی شاہ موسوی دہشتگرد کا کوئی مکتب مسلک اور ملک نہیں وہ فقط دہشتگرد ہے لہذا حکومت کو چاہیئے کہ وہ کالعدم گروپوں کیساتھ نرمی برتنے کی بجائے انہیں آہنی شکنجے میں جکڑے اور انہیں کسی بھی نام سے کام کرنے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے۔ قرارداد میں ممنوعہ گروپوں کی بیرونی امداد پر پابندی لگانے اور مالی سرپرستی کرنے والے ممالک کے سفیروں کو دفتر خارجہ طلب کرکے پرزور احتجاج کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ قرارداد میں کرم ایجنسی، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے راستوں کو سفر کیلئے ہر طرح سے محفوظ بنانے کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ قرارداد میں عدالتوں کی طرف سے بعض خطرناک دہشتگردوں کے عدالتوں سے رہا ہونے اور سزائے موت کے مجرموں کی سزا پر عمل در آمد نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس تاخیر کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔

قرارداد میں سانحہ گیاری سیکٹر سیاچن میں برف کے تودے تلے دبے ہوئے مسلح افواج کے سپوتوں کے غم زدہ خاندانوں کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ خداوند عالم ورثاء کو اس سانحہ عظیم پر صبر و برداشت عطا فرمائے۔ قرارداد میں باور کرایا گیا کہ وطن عزیز کے سرحدی علاقوں امریکی ڈرون حملے ، جیٹ طیاروں کی پروازیں، ایبٹ آباد آپریشن اور سلالہ چیک پوسٹ پر حملے جیسے واقعات ملکی سلامتی اور بقا کا مسئلہ ہے لہذا ان مسائل کو فوری طور پر عالمی اداروں میں اٹھایا جائے اور نیٹو سپلائی ہر گز بحال نہ کی جائے، حکومت اس ضمن میں سنجیدگی کامظاہرہ کرے اور جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کیا جائے۔ ایک اور قرارداد میں حضرت بری امام کے مزار مبارک کی سات سالہ بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بری امام کمپلیکس کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرکے دوبارہ کو زائرین کیلئے کھولا جائے۔ 

قرارداد میں دربار سخی محمود بادشاہ پر قبضہ مافیا کی سرگرمیوں بالخصوص گذشتہ جمعہ کو مزار مبارک پر حملے، قرآن پاک، علم مبارک، حضور اکرمؐ اور پنجتن پاک ؑ کے اسمائے مبارکہ کی توہین اور بےحرمتی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں آبپارہ تھانے کے سامنے فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہری خالد عباسی کے قتل میں تحفظ حرمت مزارات کمیٹی کے چئیرمین ذوالفقار راجہ اور دیگر رہنماؤں کو بے جا ملوث کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے ان کیخلاف بنایا گیا بے بنیاد مقدمہ خارج کرنے اور اصل مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد میں باور کرایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سنی شیعہ عوام آپس میں متحد ہیں جو مٹھی بھرشر پسندوں اور قبضہ مافیا کی ہر سازش و شرارت کو اتحاد و یکجہتی کیساتھ ناکام کر دینگے۔ قرارداد میں گذشتہ روز لاہور ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ ایک قرارداد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اسلامی نظریاتی کونسل، رویت ہلال کمیٹی اور فیڈرل شریعت کورٹ سمیت تمام مملکتی اداروں میں مکتب تشیع کو برابر کی سطح پر نظریاتی نمائندگی کا حق دے۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حکم پر ہر قسم کی قربانی پیش کرنے اور ان کے ہر لائحہ عمل پر بھرپور لبیک کہنے کے عہد کا اظہار کیا گیا۔

ذاکر امداد حسین شیرازی، ذاکر غلام فرید، ذاکر یاسر غفار اور ذاکر اشفاق حسین بھیرہ نے بھی مجلس عزا سے خطاب کیا۔ قصر ابو طالب ؑ مغل آباد میں خانوادہ رزاق حسین نقوی کے زیراہتمام مجلس عزا سے علامہ سید محسن علی ہمدانی، ذاکر تقی قیامت اور ذاکر شیخ وسیم عباس نے خطاب کیا بعد ازاں ماتمداری کی گئی۔ ہیت طلبائے اسلامیہ کے زیر اہتمام علی ؑ ہال میں مجلس عزائے فاطمیہ ؑ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی باسم عباس زاھری نے کہا کہ عالم نسواں میں دختر رسول ؐ حضرت فاطمہ زہرا ؑ کو جو عز و شرف حاصل ہے وہ واضح و عیاں ہے۔ فاطمہ ؑ بنت محمد ؐ کو سیدۃ النساء العالمین کے لقب سے ملقب کیا گیا۔

شعب ابی طالب ؑ میں انجمن کنیزان امام العصر و الزمان ؑ کے زیراہتمام عالمی عشرہ عزائے فاطمیہ ؑ کی اختتامی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ زینب علویہ نے کہا کہ دنیا بھر کی خواتین کو عزت سے ہمکنار ہونے کیلئے دروازہِ بتول ؑ پر سجدہ ریز ہونا ہوگا۔ ذاکر سید واصف حسین شاہ کاظمی کے زیر اہتمام مرکزی امام بارگاہ دربار سخی شاہ نذر دیوان بادشاہ کاظمی المشہدی سید کسراں میں مجلس عزا سے علامہ آغا سید علی حسین نجفی اور دیگر واعظین و ذاکرین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ماتمداری بھی کی گئی۔ 

درایں اثنا آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے مرکزی ماتمی دستہ راولپنڈٖی کے نوحہ خواں نذر عباس کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کے فرزند مہدی عباس کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 156552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش