0
Friday 27 Apr 2012 03:12

اورکزئی ایجنسی کے شیعہ، سنی مکاتب فکر کا بھائی چارے اور اتحاد کیساتھ رہنے کا عہد

اورکزئی ایجنسی کے شیعہ، سنی مکاتب فکر کا بھائی چارے اور اتحاد کیساتھ رہنے کا عہد
اسلام ٹائمز۔ اورکزئی ایجنسی کے شیعہ اور سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے امن و بھائی چارے کے ساتھ رہنے کا عہد کیا ہے۔ دونوں جانب سے دو سو سے زائد عمائدین نے گرینڈ جرگہ میں امن وامان کے قیام کیلئے حکومت سے مکمل تعاون کا بھی اعلان کیا۔ شیعہ اور سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین کا ایک بڑا مصالحتی امن جرگہ جمعرات کو ہنگو میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی خوشحال خان نے کی۔ اس موقع پر اے پی اے لوئر اورکزئی فضل قادر، اے پی اے اپر اورکزئی علی عنان قمر، تحصیلدار حمید خان، دونوں مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین، سرکردہ قبائلی رہنماؤں اور صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
 
امن جرگہ کے دوران عمائدین نے علاقے میں امن کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس مقصد کے حصول کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ انہوں نے مکمل یکجہتی، اخوت اور ایثار کے جذبوں کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ امن جرگہ کے دوران قبائلی عمائدین نے ایک دوسرے سے گھل مل کر علاقہ کے مسائل اور عوامی مشکلات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ جس سے ان کے د رمیان موجود غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملی۔ امن جرگہ کے شرکاء نے قیام امن کیلئے حکومتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پربھی اتفاق کیا۔ 

مصالحتی جرگہ کے دوران دونوں مکاتب فکر کے عمائدین ملک جمال حسن، ملک مقبلی شاہ، ملک عزت گل اور ملک کیپٹن (ر) آزاد گل نے کہا کہ علاقے میں امن کے قیام کیلئے حکومت سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ہماری صفوں میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ اسلئے ہمیں متحد ہوکر ایسے عناصرکو بے نقاب کرنا چاہیئے۔ مصالحتی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی خوشحال خان نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے قبائلی عمائدین آگے بڑھ کر حکومت کا ساتھ دیں۔
 
انہوں نے کہا کہ عوام کے بھرپور تعاون سے علاقے میں امن و امان کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن جرگے کے انعقاد کا مقصد دونوں مکاتب فکر کے عمائدین کو ایک دوسرے کے قریب لاکر ان کے درمیان موجود غلط فہمیوں کو دور کرنا ہے جس سے علاقے کی ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ پولیٹیکل ایجنٹ نے علاقے میں قیام امن کیلئے قبائلی عمائدین اور عوام کے کردار کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 156731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش