0
Saturday 28 Apr 2012 00:27

بھارت عالمی معاملات میں آگے بڑھے، کشمیر کا مسئلہ عوامی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، بان کی مون

بھارت عالمی معاملات میں آگے بڑھے، کشمیر کا مسئلہ عوامی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، بان کی مون
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت تمام تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش جاری رکھیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل عوامی امنگوں کے مطابق کیا جائے۔ نئی دہلی آمد پر بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنہ اور بھارت کے وزیراعظم من موہن سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا بھارتی رہنماؤں سے عالمی اور علاقائی مسائل کے ساتھ پاکستان سے تعلقات سمیت تمام تنازعات پر بات چیت ہوئی۔ بان کی مون نے کہا کہ دونوں ملکوں کی جانب سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ امید ہے پاکستان اور بھارت تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔

ممبئی حملوں کے متعلق سوال پر بان مون کا کہنا تھا دہشتگردی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جا سکتا اور حملہ آوروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے پاکستان اور بھارت کوشش کر رہے ہیں۔ کشمیر کے متعلق سوال پر بان کی مون کا کہنا تھا انہیں توقع ہے کہ کشمیر کا مسئلہ بغیر تشدد اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ بان کی مون کی آمد پر سکھوں نے انیس سو چوراسی میں فسادات کے دوران چار ہزار کے قریب سکھ مارے جانے پر احتجاج کیا۔ اکتیس اکتوبر انیس سو چوراسی کو ایک سکھ محافظ نے اس وقت کی بھارتی وزیراعظم اندرا گاندہی کو قتل کیا تھا۔ جس کے بعد بھارت بھر میں سکھوں کے خلاف تشدد شروع ہو گیا تھا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ عالمی معاملات میں بھارت کا کردار پیش رفت پر مبنی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے درمیان نئی دہلی میں ملاقات ہوئی، جس میں شام کی موجودہ صورتحال کے علاوہ دنیا بھر کے حالات اور مشترکہ چیلنجز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے بان کی مون کو دورہ بھارت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بحری قزاقی کیخلاف جنگ اور انسداد دہشتگردی میں تعاون بڑے چیلنجز ہیں۔ بھارت نے ان دونوں ممالک کے علاوہ سوڈان اور جنوبی سوڈان اور افغانستان کی صورتحال پر تعاون کو اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ اس موقع پر بان کی مون نے عالمی معاملات میں بھارت کے کردار اور تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، سوڈان، جنوبی کوریا سمیت اہم عالمی معاملات میں بھارت اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے مزید آگے بڑھے۔
خبر کا کوڈ : 156895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش