0
Wednesday 25 Nov 2009 10:44

بھارت پاکستان کیخلاف محدود جنگ کی تیاریاں کر رہا ہے،دفتر خارجہ

بھارت پاکستان کیخلاف محدود جنگ کی تیاریاں کر رہا ہے،دفتر خارجہ
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف محدود جنگ کی تیاریاں کر رہا ہے۔پاکستان اپنی خود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔بھارتی جنرل کا بیان خطرناک ایٹمی عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔عالمی طاقتیں اس حوالے سے خصوصی ذمہ داریاں ادا کریں۔
گذشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف جنرل دیپک کپور کی طرف سے اس بیان پر کہ برصغیر میں ایک محدود ایٹمی جنگ ہو سکتی ہے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے اس بیان سے بھارت کی خطر ناک اور جارحانہ ایٹمی سوچ ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نام نہاد سرد حکمت عملی پر کام کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف محدود جنگ کی تیاریاں کر رہا ہے اور جنرل دیپک کپور کے بیان نے بھارت کی خطرناک ایٹمی سوچ کی تصدیق کر دی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو جنرل دیپک کپور کے بیان اور بھارت کے طویل المدتی ارادوں کا نوٹس لینا چاہیے اور عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے اپنی خصوصی ذمہ داریاں ادا کریں اور اس بات کو سمجھیں کہ جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن بگڑنے کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ایک ذمہ دار ملک کے طور پر جنوبی ایشیاء میں برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر امن اور استحکام قائم کر نے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 15739
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش