0
Sunday 29 Apr 2012 20:11

علامہ راجہ ناصر عباس کا دورہ لاہور، علماء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

علامہ راجہ ناصر عباس کا دورہ لاہور، علماء سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے دورہ لاہور کے موقع پر مختلف مساجد و مدارس کے علماء سے ملاقات کی اور انہیں باضابطہ طور پر یکم جولائی کو ہونے والی قرآن و سنت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ راجہ ناصر عباس جامعہ عروۃ الوثقی کے پرنسپل اور معروف عالم دین علامہ سید جواد نقوی سے بھی ملے اور انہیں قرآن و سنت کانفرنس میں شرکت اور مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کی دعوت دی جسے علامہ سید جواد نقوی نے قبول کر لیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ملت کو ایک صالح قیادت کی ضرورت تھی اور اس خلا کو مجلس وحدت مسلمین نے اچھے انداز میں پر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت کو مخلص قیادت کی ضرورت ہے اور اس عظیم قوم کی رہنمائی کے لئے اخلاص لازم عنصر ہے جو مجلس کے علماء میں موجود ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور حمایت ملت کے دفاع اور بقا کے لئے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہیں۔

جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے دورہ کے بعد علامہ راجہ ناصر عباس گلبرگ کی جامع مسجد حالی روڈ گئے اور مسجد کے خطیب علامہ شفیع نجفی سے ملاقات کی۔ علامہ شفیع نجفی نے بھی مجلس وحدت مسلمین کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ قرآن و سنت قرآن کانفرنس میں بھی بھرپور انداز میں شریک ہوں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس مسجد الحسین اچھرہ بھی گئے اور خطیب مسجد علامہ حسن رضا قمی سے ملاقات کی۔ علامہ حسن رضا نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے قوم کو ایک بار پھر پہلے کی طرح متحد کر دیا ہے اور اس کا سہرا علامہ راجہ ناصر عباس کے سر ہے۔

علامہ حسن رضا قمی نے کہا کہ اچھرہ سے ملت تشیع کے اکابرین اور قوم کے دیگر افراد قرآن و سنت کانفرنس میں جوق در جوق شامل ہو کر اپنی ملی غیرت کا ثبوت دیں گے۔ علامہ راجہ ناصر عباس کی قیادت میں علماء سے ملنے والے وفد میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ سید ابوذر مہدوی، علامہ اظہر حسن کرڑ، سید ناصر عباس شیرازی، سید اسد عباس نقوی، رائے ماجد علی، رائے ناصر علی، مظاہر حسین شگری اور دیگر رہنما شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 157524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش