QR CodeQR Code

عالمی ریڈ کراس سے وابستہ مغوی یمنی ڈاکٹر کی ذبح شدہ نعش کوئٹہ سے برآمد

30 Apr 2012 00:01

اسلام ٹائمز: ڈاکٹر خلیل کا تعلق یمن اور شہریت برطانیہ کی تھی۔ مقتول کافی عرصہ سے کوئٹہ میں انٹرنیشنل کمیٹی فار ریڈ کراس کے لیے کام کر رہا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے علاقے چمن ہاؤسنگ سکیم سے چار ماہ قبل اغوا ہونیوالے یمنی ڈاکٹر کی ذبح شدہ لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق پانچ جنوری 2012ء کو یمنی نژاد برطانوی شہری ڈاکٹرخلیل ڈیل کو دن دیہاڑے اپنے دفتر جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے چمن ہاؤسنگ سکیم کے قریب سے گن پوائنٹ پر اغواء کر لیا تھا۔ جس کے بعد آج پولیس کو مغربی بائی پاس پر واقع ایک باغ میں ایک نعش کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ وہاں جا کر دیکھا تو لاش پر ایک پرچی لگی ہوئی تھی اور لکھا تھا یہ لاش ڈاکٹر خلیل کی ہے، پرچی پر درج تھا کہ ہم نے مطالبات پورے نہ ہونے پر اسے ذبح کر دیا ہے اور جلد ہی اس کی ویڈیو منظر عام پر لائی جائے گی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر خلیل کا تعلق یمن سے تھا اور اس کی شہریت برطانیہ کی تھی۔ وہ کافی عرصہ سے کوئٹہ میں انٹرنیشنل کمیٹی فار ریڈ کراس کے لیے کام کر رہا تھا۔


خبر کا کوڈ: 157553

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/157553/عالمی-ریڈ-کراس-سے-وابستہ-مغوی-یمنی-ڈاکٹر-کی-ذبح-شدہ-نعش-کوئٹہ-برآمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org