QR CodeQR Code

مزدورں کے عالمی دن کے موقع پر علامہ سید ساجدعلی نقوی کا پیغام

1 May 2012 08:47

اسلام ٹائمز: اپنے خصوصی پیغام میں سربراہ شیعہ علماء کونسل نے مزدور طبقات، مزدورتنظیموں، ٹریڈیونینز اور مزدوروں کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ اسلام کے عادلانہ نظام اور استحصال سے پاک تعلیمات پر عمل کو اپنی جدوجہد کا محور قرار دیں اور دنیا بھر میں مزدور اور معاشرے کے دوسرے مظلوم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔


اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزدورں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر سال یوم مزدور منانے کے باوجود دنیا بھر میں مزدوروں کا استحصال جاری ہے۔ مزدور طبقے کے ساتھ ظلم و زیادتی اور ان کے حقوق غصب کرنے کا گھناؤنا کھیل اب بھی کھیلا جا رہا ہے۔  مختلف ممالک میں مزدوروں پر کالے قانون مسلط ہیں، سرکاری ملازمین کی برطرفی میں بھی یک طرفہ اور امتیازی قوانین پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ اسی طرح مختلف کارخانوں میں حکومتی اعلانات کے باوجود مزدوروں کی تنخواہ میں معقول اضافہ نہیں کیا جاتا۔ گویا ظلم و ناانصافی کی چکی میں ابھی تک مزدور طبقہ پس رہا ہے۔
 
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ایک سازش کے تحت عوام کو مذہب سے دور کرنے اور سیکولرازم کا رجحان اختیار کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ درحقیقت یہ کوششیں عدل و انصاف اور معاشرے کے نچلے طبقات کے حقوق پامال کرنے کی سازش ہیں۔ حالانکہ عدل و انصاف کی فراہمی اور حقوق کا تحفظ صرف مذہب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ مذہب کے علاوہ دنیا کے ہر منشور اور نظام میں مزدوروں کو دھوکہ دیا جاتا ہے اور لالی پاپ دے کر چپ کرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ مذاہب عالم میں سے اسلام وہ واحد مذہب ہے جس کی خالص اور اصل تعلیمات کی روشنی میں قوانین بنا کر اور ایک سسٹم تشکیل دے کر باقاعدہ عمل درآمد کرا کے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ صرف نعرے لگانے اور چھٹی منانے سے نہیں بلکہ اسلام کے عطاکردہ سسٹم پر عمل درآمد سے ہی استحصالی نظام ختم کیا جاسکتا ہے۔ 

علامہ ساجد نقوی نے مزدور طبقات، مزدورتنظیموں، ٹریڈیونینز اور مزدوروں کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والے تمام طبقوں پر زور دیا کہ وہ اسلام کے عادلانہ نظام اور استحصال سے پاک تعلیمات پر عمل کو اپنی جدوجہد کا محور قرار دیں اور دنیا بھر میں مزدور اور معاشرے کے دوسرے مظلوم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔


خبر کا کوڈ: 157858

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/157858/مزدورں-کے-عالمی-دن-موقع-پر-علامہ-سید-ساجدعلی-نقوی-کا-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org