0
Monday 30 Apr 2012 19:33

پاک ایران گیس منصوبے ہمارے مفاد میں، امریکی دباؤ قبول نہیں، حنا ربانی کھر

پاک ایران گیس منصوبے ہمارے مفاد میں، امریکی دباؤ قبول نہیں، حنا ربانی کھر
اسلام ٹائمز۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمہ سے ہی ملک میں استحکام اور معاشی ترقی آئے گی اور امریکہ سمیت تمام ممالک کو پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف ہیں اور ہم نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات سمیت ہر فورم پر ان حملوں کی مذمت اور مخالفت کی ہے اور امریکہ سے کہا ہے کہ وہ ڈرون حملے بند کرے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ ان ڈرون حملوں کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی نہیں بلکہ مزید اضافہ ہوتا ہے اور اگر امریکہ یہ بات نہیں سمجھے گا تو پھر نقصان امریکہ کا بھی ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں خارجہ پالیسی کیسے بنتی رہی وہ سب جانتے ہیں مگر ملک کی موجودہ جمہوری حکومت نے قومی امنگوں کے مطابق خارجہ پالیسی ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور پارلیمنٹ کو اس حوالے سے ترجیح دی جا رہی ہے، میں واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ خارجہ پالیسی میں ملک کی سلامتی، خود مختاری اور آزادی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور امریکہ سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان اقوام عالم میں تنہا نہیں رہنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے ہی پاکستان میں بھی امن قائم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور پاکستان اس پر امریکہ یا کسی اور کا دباؤ قبول نہیں کریگا اور ہم وہی کریں گے جو پاکستان اور یہاں کے عوام کے بہترین مفاد میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی فرد واحد نہیں بلکہ پارلیمنٹ طے کرتی ہے اور ملک کا ہرادارہ اس کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں جمہوریت مضبوط ہو گی تو اس سے پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے مضبوط ہوں گے اور اس سے ہی ملک کے بہت سے مسائل کو حل کرنے میں بھی مدد ملے گی اور پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت پارلیمنٹ کو ساتھ لیکر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بے شمار بحرانوں کے باوجود پارلیمنٹ کی بالا دستی کو قائم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ سے ڈرون حملوں کی سخت مذمت اور سلالہ حملے پر بھی شدید ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 157866
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش