0
Tuesday 1 May 2012 18:52

حکومت کے ہاتھوں اعلٰی عدلیہ کی توہین برداشت نہیں کریں گے، نواز شریف

حکومت کے ہاتھوں اعلٰی عدلیہ کی توہین برداشت نہیں کریں گے، نواز شریف
 اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے ہاتھوں اعلٰی عدلیہ کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ جو بھی سپریم کورٹ کی حمایت میں سڑکوں پر آئے گا، اس کا سر فخر سے بلند ہو گا۔ لاہور میں مزدوروں میں حکومت پنجاب کے طرف سے فلیٹس کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ 80 اور 90 کی دہائی کی سیاست نہیں کر رہے بلکہ ملکی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلٰی عدلیہ کے احکامات کی نہ صرف خلاف ورزی کی جا رہی ہے بلکہ تمسخر بھی اڑایا جا رہا ہے۔

میاں نواز شریف نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی ملکیت نہیں، یہ 18 کروڑ عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عدلیہ کے وقار کی خاطر لانگ مارچ سمیت ہر سیاسی حربہ استعمال کرے گی، قوم ان کا ساتھ دے۔ اس تحریک میں شامل ہونے والوں کا سر فخر سے بلند ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری میں جرات نہیں کہ وہ سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف سے پاکستان میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کے بارے میں پوچھ لیں۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان خوشحال تھا۔ مزدوری مزدور کے پیچھے بھاگتی تھی جبکہ اب مزدور بیروزگار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ لینے کے لئے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ نہ لگایا جائے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئی تو پاکستان میں خوشحالی ہو گی۔ میاں نواز شریف نے حکومت پنجاب کو مزدور کی کم از کم تنخواہ 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی۔ قبل ازیں وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں۔ 

دریں اثنا، یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر، توانائی کے وافر اور سستے ذرائع کی فراہمی ضروری ہے، حکومتی سطح پر شفاف اور ایماندارانہ نظام حکومت قائم کئے بغیر روزگار کے نئے مواقع پیدا نہیں ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو ممکن بنا کر ہی محنت کشوں کو انصاف مہیا کیا جاسکتا ہے، پاکستان کی صنعتی پیداوار میں اضافہ سے محنت کشوں کو ترقی دی جا سکتی ہے، محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ، انصاف کی فراہمی اور انہیں برابر کا شہری سمجھنا اس جانب پہلا قدم ہے۔
 
نواز شریف نے کہا کہ یہ اقدامات اٹھائے بغیر پاکستان کی معیشت کو ترقی نہیں دی جا سکتی، پاکستان کا محنت کش طبقہ آج صنعتوں کی بندش، تواناتی کے بحران اور بدعنوانی کے واقعات سے اپنا روزگار کھو رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے دونوں ادوار حکومت میں محنت کش اور مزدور دوست پالیسیاں اختیار کی گئیں، جس سے محنت کشوں کو معیار زندگی بلند کرنے کے مواقع میسر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی مسلم لیگ ن کو موقع ملا، وہ اپنے اسی ایجنڈے کو تکمیل تک پہنچائے گی۔
خبر کا کوڈ : 158185
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش