QR CodeQR Code

ملتان گیریژن میں یوم شہداء جوش و خروش سے منایا گیا

2 May 2012 00:42

اسلام ٹائمز: شہداء پارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر ملتان نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ و جاوید رہتی ہیں جو اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ملتان گیریژن میں یوم شہداء کے موقع پر دیگر شہروں کی طرح سادہ اور پُروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کی صدارت کور کمانڈر ملتان شفقات احمد نے کی، شہداء پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر ملتان شفقات احمد نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ و جاوید رہتی ہیں جو اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں، جو اپنے شہداء کو بھلا دیتی ہیں اُنہیں معاف نہیں کیا جاتا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل شفقات احمد نے مزید کہا کہ ملک میں چند لوگ شدت پسندوں کے آلہ کار بن کر ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، پاک فوج، سیکورٹی فورسز اور عوام نے ان کا مقابلہ کرتے ہوئے ان دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں کا کوئی دین ایمان نہیں بلکہ یہ انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں۔ گیاری سیکٹر کے واقعہ پر پوری قوم اپنی افواج کے غم میں برابر کی شریک ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو بیرونی خطرات کے ساتھ ساتھ اندرونی خطرات، دہشت گردی، انتہاء پسندی اور شدت پسندی کا سامنا ہے، اس دہشتگردی کے باعث 40 ہزار شہری، 4 ہزار فوجی جوان شہید اور ہزاروں کی تعداد میں سویلین اپاہج ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کتنی قربانیاں مانگیں گے اور کتنے چراغ بجھائیں گے؟ ملک کا ہر نوجوان ملک کی خاطر جان دینے کو تیار ہے۔


خبر کا کوڈ: 158242

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/158242/ملتان-گیریژن-میں-یوم-شہداء-جوش-خروش-سے-منایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org