QR CodeQR Code

عزیر بلوچ کا اویس ٹپی اور چوہدری اسلم سے بے گناہ افراد کی ہلاکتوں کا بدلہ لینے کا اعلان

3 May 2012 15:33

اسلام ٹائمز:کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں طالبان اور بی ایل او کے کارندے کہا جارہا ہے، ہم محب وطن ہیں جب سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ ہوا تو سب سے پہلے ہم نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر احتجاجی ریلی نکالی تھی اور قونصلیٹ کی عمارت پر قومی پرچم نصب کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر عرف ٹپی اور ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سے لیاری آپریشن کے دوران بے گناہ افراد کی ہلاکتوں کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری کی عوام نے احتجاج کرکے ثابت کردیا ہے کہ لیاری میں ہمارے خلاف ظلم کیا جارہا ہے، حکومت دہشت گردی پر اتر آئی ہے، وہ لیاری کی عوام سے خطاب اور نجی ٹی وی سے بات چیت کررہے تھے۔

عزیر جان نے کہا کہ عوام لیاری میں بدنام زمانہ گینگسٹر ارشد پپو اور غفار ذکری کے کارندوں کی موجودگی کو برداشت نہیں کرے گی۔ لیاری کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کی حفاظت کے لئے ہمیں جدید لائسنس یافتہ اسلحہ پیپلز پارٹی نے دیا تھا۔ یہ اسلحہ انہوں نے ہمیں متحدہ قومی موومنٹ اور لیاری گینگ وار سے مقابلے کے لئے دیا تھا۔

عزیر بلوچ نے کہا کہ چوہدری اسلم میرے خاندان کے متعلق میڈیا میں غلط بیانی کررہے ہیں اور لیاری میں عورتوں اور بچوں پر گولیاں چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اندرون سندھ اور بلوچستان میں احتجاج کرکے ثابت کردیا ہے کہ لیاری میں حکومت ظلم کررہی ہے۔ چوہدری اسلم بھی ہماری طرح کا انسان ہے، ہم بدلہ تو لے کر رہیں گے۔ اپنی عزت بچانے کے لئے ہتھیار اٹھائے ہیں، ملک بھر کی عوام ہمارے ساتھ ہے۔

کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں منشیات فروش کہا جاتا تھا لیکن اب طالبان اور بی ایل او کے کارندے کہا جارہا ہے۔ ہم محب وطن ہیں جب سلالہ چیک پوسٹ پر حملہ ہوا تو سب سے پہلے ہم نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر احتجاجی ریلی نکالی تھی اور قونصلیٹ کی عمارت پر قومی پرچم نصب کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 158655

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/158655/عزیر-بلوچ-کا-اویس-ٹپی-اور-چوہدری-اسلم-سے-بے-گناہ-افراد-کی-ہلاکتوں-بدلہ-لینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org