0
Sunday 6 May 2012 14:00

حکمران ملکی سلامتی اور خودمختاری کیخلاف امریکہ کا ساتھ دے رہے ہیں، منور حسن

حکمران ملکی سلامتی اور خودمختاری کیخلاف امریکہ کا ساتھ دے رہے ہیں، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ کروڑوں نوجوان ملت کا سرمایہ اور مستقبل ہیں، جن کی موجودگی میں دشمن پاکستان پر تسلط کے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا، امریکہ اپنے نیٹو اور نان نیٹو اتحادیوں کے ذریعے سنٹرل ایشیاء کے وسائل پر قابض ہونا چاہتا ہے، جس کے لیے اس نے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا ہے، اب وہ ہر قیمت پر پاکستان کو انتشار کا شکار کر کے ہمارے جوہری اثاثوں کو بین الاقوامی کنٹرول میں لینے کی سازش کر رہا ہے اور پاکستان کے حکمراں ملکی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف امریکہ کا ساتھ دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹر نیٹ پر نوجوانوں کے نام جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کیا۔ سید منو ر حسن نے کہا کہ جب تک امریکہ خطے میں موجود ہے دہشتگردی سے جان نہیں چھوٹ سکتی، امریکہ بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانے، پاکستان، افغانستان اور ایران کے درمیان غلط فہمی پیدا کر کے انہیں ایک دوسرے کے دشمن بنانے اور چین کے کردار کو محدود کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا ہے، ہمارے 40 ہزار سے زائد فوجی اور سویلین اس جنگ کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں اور 70 ارب ڈالر سے زائد معاشی نقصان ہوا، جس کی وجہ سے ملک میں غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور توانائی کے بحرانوں نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سارے مسائل کا حل خطے سے امریکی انخلاء ہے جس کے لیے ہر صورت نیٹو و امریکی سپلائی کو روکنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ مجھ امید ہے کہ پاکستان کے غیور نوجوان اپنی جانوں پر کھیل کر بھی نیٹو و امریکی سپلائی روکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 159353
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش