0
Sunday 6 May 2012 23:43

کشمیر میں 22 برسوں کے دوران صرف ایک فوجی کیخلاف مقدمہ چلایا گیا، بھارت کا انکشاف

کشمیر میں 22 برسوں کے دوران صرف ایک فوجی کیخلاف مقدمہ چلایا گیا، بھارت کا انکشاف

اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزارت دفاع نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 22برسوں کے دوران کشمیر میں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے اجراء کی وجہ سے صرف ایک فوجی کیخلاف مقدمہ چلایا گیا ہے جبکہ 1990ء سے 2011ء تک وزارت دفاع کو فوجیوں کیخلاف مقدمات چلانے کی منظوری کیلئے44 درخواستیں موصول ہوئیں، جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کی معلومات کی درخواست کے جواب میں بھارتی وزارت دفاع نے کہاکہ اس کی تحقیقات اور کورٹ مارشل کی کارروائیوں کے دوران صرف ایک فوجی ملوث پایا گیا ہے اور اسے ملازمت سے برخاست اور دس سال قید کی سزا دی گئی، تاہم وزارت نے اپنے جواب میں اس فوجی کے جرم، تقرری اور جرم کے مقام کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم یہ واضح کیا گیاہے کہ مقدمے کی فائل کشمیر کی حکومت کو واپس بھجوادی گئی ہے۔

وزارت کے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ اسے گزشتہ 22برس کے دوران آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (افسپا)کے تحت فوجیوں کیخلاف مقدمات چلانے کی منظوری حاصل کرنے کی 44درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جواب میں کہا گیا کہ ان میں سے 35درخواستوں کو نامنظور جبکہ 9پر غور کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت مقبوضہ کشمیرمیں تعینات بھارتی فوجیوں کے خلاف مقدمات چلانے کیلئے بھارتی حکومت کی منظوری ضروری ہے،دوسری جانب کٹھ پتلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے 50مقدمات میں اس کالے قانون کے تحت فوجیوں کے خلاف مقدمات چلانے کی اجازت طلب کی ہے، جن میں سے31مقدمات کیلئے وزارت دفاع جبکہ19مقدمات کیلئے وزارت داخلہ سے اجازت طلب کی گئی، تاہم کٹھ پتلی انتظامیہ نے واضح نہیں کیا ہے کہ کتنے مقدمات میں اجازت دی گئی ہے۔

جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے کوآرڈی نیٹر خرم پرویز نے ایک انٹرویو میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف تو وزارت دفاع فوجیوں کیخلاف مقدمات چلانے کی اجازت نہیں دے رہی جبکہ دوسری طرف افسپا کے تحت فوجیوں کے خلاف کورٹ مارشل کی شروع کی گئی کارروائیاں شفاف نہیں ہیں، انہوں نے کہاکہ ان مقدمات میں فوجی بری ہوجاتے ہیں اور انہیں دوبارہ ملازمت پر بحال کر دیا جاتا ہے۔

خبر کا کوڈ : 159478
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش