0
Tuesday 8 May 2012 01:11

مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کیا جائیگا، بھارتی وزیر دفاع

مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو حل کیا جائیگا، بھارتی وزیر دفاع
اسلام ٹائمز۔ بھارت نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کو قدم بہ قدم حل کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہند پاک تعلقات میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ مسائل کے حل کی راہ بھی ہموار ہوگی، بھارتی وزیر دفاع اے کے انٹونی نے منموہن زرداری ملاقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنماﺅں نے تمام دو طرفہ مسائل کا قابل قبول حل تلاش کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، ہند پاک تعلقات اور دو طرفہ تنازعات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع اے کے انٹونی نے لوک سبھا میں بتایا کہ 8 اپریل کو نئی دہلی میں وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ملکوں نے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا جبکہ بقول انٹونی اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر، سرکریک، سیاچن اور دیگر دو طرفہ مسائل و تنازعات کو قدم بہ قدم حل کرلیا جائے گا۔
 
انٹونی کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ دو طرفہ تعلقات کو صحیح سمت دینے کے بعد تمام مسائل کا قابل قبول حل نکالا جائے گا، انٹونی نے پارلیمان کو بتایا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں میں ہونے والے مذاکرات کافی حد تک حوصلہ افزاء رہے ہیں جبکہ دو طرفہ تعلقات میں پائی جانی والی اعتماد کی کمی کو بھی دور کرنے میں کافی مدد ملی ہے، دنیا کے بلند ترین مقام جنگ سیاچن میں گذشتہ ماہ برفانی تودے کی زد میں آکر ایک سو سے زیادہ پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے تسلیم کیا کہ اتنے اونچے مقام پر دونوں ملکوں کی افواج کی تعیناتی ایک بڑا مسئلہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیاچن کو غیر فوجی علاقہ بنانے کے بارے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان صلاح مشورہ شروع ہوچکا ہے۔
 
اے کے انٹونی نے مسئلہ کشمیر اور دیگر دو طرفہ مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ملک اس بات پر پوری طرح سے متفق ہوچکے ہیں کہ ان سارے مسائل کا باہمی طور قابل قبول حل قدم بہ قدم آگے بڑھ کر نکالا جائے گا، اپنے تحریری بیان میں مرکزی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ کے اوائل میں وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور صدر پاکستان آصف زرداری کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات سے دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے میں کافی مدد ملی۔
خبر کا کوڈ : 159806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش